حکومت نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جشن آزادی تقریب کو حتمی شکل دے دی

جمعرات 24 جولائی 2014 16:01

حکومت نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جشن آزادی تقریب کو حتمی شکل دے دی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24جولائی 2014ء) وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جشن آزادی پروگرام کو حتمی شکل دے دی، وزیراعظم نواز شریف 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب تقریب سے خطاب کریں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جشن آزادی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید سمیت حکومتی ارکان اور سینئر عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی کی تقریب 2 مراحل میں منعقد ہوگی پہلے مرحلے میں 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے تقریب منعقد ہوگی جس سے رات 12 بجے وزیراعظم نواز خطاب کریں گے جبکہ تقریب میں ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سول و عسکری قیادت شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ تقریب میں 2500 فوجیوں کے علاوہ 5 ہزار افراد شریک ہوں گے جبکہ جشن آزادی پریڈ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شپ ہوگی جبکہ 14 اگست کی صبح منعقد ہونے والی تقریب میں وزیراعظم پرچم کشائی کریں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 14 اگست کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں حکومت نے 14 اگست کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جشن آزادی تقریب کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :