کنٹرول لائن پرپاکستان نے دراندازی نہیں کی صرف بھارتی فائرنگ کاجواب دیا، سیکریٹری خارجہ

جمعرات 24 جولائی 2014 15:57

کنٹرول لائن پرپاکستان نے دراندازی نہیں کی صرف بھارتی فائرنگ کاجواب ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24جولائی 2014ء) سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے کنٹرول لائن پر دراندازی نہیں کی صرف بھارتی فائرنگ کاجواب دیاہے۔ اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات چاہتا ہے۔ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے۔

پاکستان کو اطلاعات ملی تھیں کہ افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان بڑے حملے کی تیاری کررہی ہے،ایسی اطلاعات کے پیش نظر افغانستان کو باخبرکرنا چاہتے تھے اور اس مقصد کے لئے محمود خان اچکزئی پاکستان کےخصوصی نمائندے کے طور پر افغانستان گئے۔

اعزاز احمد کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر پاکستان نے کوئی دراندازی نہیں کی صرف بھارتی فائرنگ کا جواب دیا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہونا چاہئے۔ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کی 25 اگست کو ہونے والی ملاقات کا مقصد جامع مذاکرات کی بحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کے لئے وزیراعظم کی ہدایت پر مسلم اور ہم خیال ممالک سے رابطہ کیا ہے۔ او آئی سی کی جانب سے پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سیل میں اسرائیلی حملوں کے خلاف قرارداد پیش کی ہے، قرارداد میں غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور اسرائیلی حملے بند کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :