وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزراء کی رمضان بازاروں میں اچانک چیکنگ، وزراء کی رمضان بازاروں میں صارفین سے گفتگو‘ شہریوں کا انتظامات پر اظہاراطمینان‘ غیرحاضر حکام کی سرزنش،صوبائی وزیرآبپاشی یاور زمان کے بہاولپور‘ خانقاہ شریف ‘ لودھراں اور دنیا پور کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے،صوبائی وزیرمعدنیات چوہدری شیر علی اچانک نارووال‘ پنڈدادن خان اور کھیوڑہ کے رمضان بازاروں میں پہنچ گئے،ندیم کامران کی ساہیوال‘ معاون خصوصی ملک سلیم اقبال کی لاہور اور ارشد جٹ کی لیہ رمضان بازاروں میں چیکنگ

منگل 22 جولائی 2014 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبائی وزراء نے مختلف اضلاع میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور اشیائے خوردونوش کی دستیابی‘ معیار اور نرخ کا جائزہ لیا۔ جبکہ رمضان بازاروں میں حکام کی غیرحاضری کا سخت نوٹس لیا گیا اور رجسٹرشکایات بھی نمایاں رکھنے کا حکم دیا گیا۔ صوبائی وزیرآبپاشی میاں یاور زمان نے بہاولپور ریلوے سٹیشن رمضان بازار اور رمضان بازار خانقاہ شریف کے اچانک دورے کئے اور سبزیوں‘ پھلوں اور دیگر اشیاء کے نرخ اور معیار کو چیک کیا۔

انہوں نے صارفین سے گفتگو کر کے ان کی شکایات کے موقع پر ازالے کے لئے احکامات دیئے۔ بعد ازاں صوبائی وزیریاور زمان نے تحصیل لودھراں اور تحصیل دنیا پور کے رمضان بازاروں کی اچانک چیکنگ کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خریداری کے لئے آنے والے شہریوں نے رمضان بازاروں کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ صوبائی وزیرمعدنیات چوہدری شیر علی نے نارووال کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا اور محکمہ لائیوسٹاک کے چکن سٹال‘ محکمہ زراعت کے گرین چینل سٹال اور محکمہ فوڈ کے سٹالوں پر جا کر اوزان کی خصوصی طور پر چیکنگ کی۔

بعد ازاں صوبائی وزیرمعدنیات نے پنڈ دادن خان اور کھیوڑہ میں رمضان بازاروں کی اچانک چیکنگ کی۔ صوبائی وزیرعشر و زکوٰة ملک ندیم کامران نے رمضان بازار ساہیوال کا اچانک دورہ کیا اور چینی کے سٹال کا خصوصی طور پر جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ملک سلیم اقبال نے گلشن راوی اور وحدت روڈ لاہور میں رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ ملک سلیم اقبال نے رمضان بازاروں میں متعلقہ حکام کی غیرحاضری کا سخت نوٹس لیا اور شکایات رجسٹر کو نمایاں جگہ پر رکھنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ارشد جٹ نے رمضان بازار لیہ کا اچانک دورہ کیا۔