سیکڑوں مساجد میں آج ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھیں گے

ہفتہ 19 جولائی 2014 12:19

سیکڑوں مساجد میں آج ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھیں گے

شہر کی سیکڑوں مساجد میں اعتکاف کیلیے انتظامات مکمل کرلیے گئے،ہزاروں افراد آج (بیسویں رمضان) اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ مساجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کرلیے، مساجد میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، ہر سال کی طرح رواں سال بھی کراچی سمیت ملک بھر کے لاکھوںافراد اعتکاف میں بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے، اللہ تعالی کے مہمان بن جائیں گے، اعتکاف میں شرکت کیلیے لوگ 20 ویں رمضان کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوں گے اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم ہوجائے گا ،شہر کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں ہر سال ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھتے ہیں اعتکاف کے دیگر بڑے اجتماعات نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، میمن مسجد مصلح الدین گارڈن، کنزالایمان مسجد گرومندر، مدنی مسجد عزیز آباد، جامعہ مسجد بنوری ٹائون، جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ و دیگر مساجد میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

اعتکاف کے اجتماعات میں آئمہ و خطبا قرآن کی تفاسیر بیان کریں گے، اعتکاف کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی و استحکام ، دہشت گردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی سربلندی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ،آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان پوری رات اللہ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے، شہر بھر میں رمضان کی21 شب سے محافل شبینہ منعقد ہوں گی جن سے علمائے کرام خطاب کریں گے شہر کی بیشتر مساجد میں معتکفین کو مساجد کی انتظامیہ اور مخیرحضرات کی جانب سے سحری و افطار فراہم کی جائیگی۔