غزہ میں بمباری کا دفاع کرنے کیلئے اسرائیلی نوجوان میدان میں آ گئے، پاکستان سمیت دُنیا بھر کے سوشل میڈیا پیجز پر نظریں گاڑ لیں

پیر 14 جولائی 2014 01:14

غزہ میں بمباری کا دفاع کرنے کیلئے اسرائیلی نوجوان میدان میں آ گئے، ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جولائی۔2014ء) غزہ پر اسرائیلی بمباری سے گزشتہ 6روز میں 150سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں ۔ ایک طرف جہاں اسرائیل نے فضائی کے بعد زمینی کارروائی بھی شروع کر دی ہے تو دوسری جانب اسرائیلی نوجوان اپنی حکومت کی جاری اس جنگ کا مبینہ منفی پروپیگنڈا ختم کرنے کیلئے میدان میں آ گئے ہیں۔

غیر ملکی رپورٹ کے مطابق 400سے زائد اسرائیلی طلباء پر مشتمل بنائے گئے وار روم سینٹر کے بیرونی دروازے پر ”ایڈووکیسی روم“ لکھا ہے جسے عبرانی زبان میں ہسبارا وار روم کہتے ہیں ۔ ایک طالبعلم کے مطابق وہ اس وار روم کے ذریعے دُنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ اپنا دفاع کرنا ہمارا حق ہے ۔ غیر ملکی رپورٹ کے مطابق یہ آپریشن روم غزہ پر بمباری کے فوراً بعد قائم کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

وار روم میں 30سے زائد زبانوں پر عبور رکھنے والے ماہر طلباء اسرائیل مخالف فیس پیچز، کمنٹس اور آن لائن مواد کا جائزہ لے رہے ہیں اور انہیں رپورٹ کر رہے ہیں۔اسی رپورٹ میں شامل ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک اسرائیلی نوجوان طالبہ ایک پاکستانی صفحے پر موجود مواد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہتی ہے کہ ”انٹرنیٹ پر اس تصویر جیسی بہت سی تصاویر ہیں جنہیں غزہ کی موجودہ یا گزشتہ حالات سے تعبیر کیا گیا ہے لیکن یہ سچ نہیں۔

اس صفحے کی تصویر ہر گز غزہ کی نہیں بلکہ شام کی ہے۔“ اس رپورٹ سے اس بات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے اسرائیلی نوجوان انٹرنیٹ پرپاکستان سمیت دُنیا بھر کے بھی فیس بک پیچز پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

غزہ میں بمباری کا دفاع کرنے کیلئے اسرائیلی نوجوان میدان میں آ گئے، ..