پاکستان کی معاشی صورت حال بہتر ہوئی ہے، موڈیز کا اعتراف ،پاکستان نے اقتصادی ڈھانچے میں بہتری کے حوالے سے 17میں سے10 اہداف حاصل کئے،یورو بانڈز کی فروخت، حکومت کی نجکاری کی پالیسیوں نے اہم کردار ادا کیاہے، رپورٹ

پیر 14 جولائی 2014 22:09

پاکستان کی معاشی صورت حال بہتر ہوئی ہے، موڈیز کا اعتراف ،پاکستان نے ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جولائی۔2014ء) نیویارک میں قائم معاشی درجہ بندی کے ادارے موڈ یز نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں موجودہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔موڈیز نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کی معاشی شرح نمو میں منفی سے مستحکم رجحان جاری ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ملک کے اقتصادی ڈھانچے میں بہتری کے حوالے سے سترہ میں سے دس اہداف حاصل کئے ہیں جس کے نتیجے میں غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

یورو بانڈز کی فروخت اور حکومت کی نجکاری کی پالیسیوں نے بھی اس سلسلے میں کردار ادا کیاہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے موڈیز انویسٹرز سروس کی طرف سے پاکستان کے غیر ملکی کرنسی کے سرکاری بانڈز کی ریٹنگ منفی سے تبدیل کرکے مستحکم کرنے کے اقدام کی تعریف کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ سخت محنت \' عزم اور حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی مالیاتی اصلاحات سے پاکستان کے بارے میں دنیا کا نقطہ نظر تبدیل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورو بانڈ کے اجرا \' تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی \' سرکاری حصص کی واپسی \' ٹیکس اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور بہتر اقتصادی اشاریے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان پر بین الاقوامی اعتماد اس سطح پر پہنچ چکا ہے جہاں ہم مضبوط اقتصادی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی قیادت کے تصور کی روشنی میں ہم پاکستان کو ایک فعال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کا ایجنڈا رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :