متاثرین آپریشن کادرد اور تکلیف ہمارا درد اور تکلیف ہے ،عنایت اللہ خان ، متاثرین آپریشن نے اپنا گھر بار ملک کے خدمت کے لیے چھوڑا ہے،صوبائی حکومت اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے متاثرین کی بھرپور خدمت کریگی،تقریب سے خطاب

اتوار 13 جولائی 2014 23:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2014ء) صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ متاثرین آپریشن کادرد اور تکلیف ہمارا درد اور تکلیف ہے ۔ متاثرین آپریشن نے اپنا گھر بار ملک کے خدمت کے لیے چھوڑا ہے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ان کی مکمل بحالی اور باعزت واپسی تک ان کی خدمت کریں۔ صوبائی حکومت اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے متاثرین کی بھرپور خدمت کریگی۔

فلاحی اداروں کی امداد کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔بے گھروں ہونے والوں کے دکھوں کا مداوا یہ ہے کہ ان لوگوں کو عید سے پہلے ان کے گھروں میں واپس جانے دیا جائے ۔وہ آئی ڈی پیزکیمپ بنوں کے دورے کے موقع پر متاثرین میں فوڈ پیکجز کی تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ تقریب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان ، الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر نورالحق ،عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر فہیم خان ،شاہدآفریدی فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر رحیم جان آفریدی ،الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے صدر راؤ ظفر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متاثرین میں فوڈ پیکجز ،کھیلوں کاسامنا اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی گئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے تمام وسائل متاثرین کی خدمت اور مدد کے لیے وقف کر دی ہیں۔قبائیلی عوام محب وطن پاکستانی اور مغربی سرحدات کے محافظ ہیں۔ ان کی مکمل بحالی تک صوبائی حکومت چھین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام بھی متاثرین کوسینے سے لگاکر انصار مدینہ کی یاد تازہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت آئی ڈی پیز کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔