اسرائیلی بحریہ کے چھاپہ ماروں کی غزہ پٹی زمینی کارروائی،جھڑپ میں چار اسرائیلی فوجی زخمی ، فلسطینی اپنی حفاظت میں اپنے گھر چھوڑ دیں،اسرائیلی فوج

اتوار 13 جولائی 2014 21:36

اسرائیلی بحریہ کے چھاپہ ماروں کی غزہ پٹی زمینی کارروائی،جھڑپ میں چار ..

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2014ء) اسرائیلی بحریہ کے چھاپہ ماروں نے غزہ کی پٹی کے شمال میں رات کو زمینی کارروائی کا آغاز کیا جو کہ حماس کے خلاف حملے کے آغاز کے بعد ایسی پہلی کارروائی ہے،اس کی اطلاع اسرائیلی سرکاری ریڈیو نے اتوار کو علی الصبح دی ہے۔ریڈیو کے مطابق مختصر دراندازی کے دوران راکٹ داغے جانے والی ایک جگہ کو نشانہ بنایا گیا۔

حماس کے عسکری شعبہ نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی کمانڈوز کا بعض فلسطینی لڑاکا جنگجوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔ایک فوجی ترجمان نے بعد ازاں کہا کہ کارروائی کے دوران چار اسرائیلی فوجی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔فوجی ترجمان نے کارروائی کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مشن کے دوران لڑائی چھڑ گئی جس کی ابتداء علاقے میں سرگرم عمل بعض دہشتگردوں نے کی،جس کے دوران چار اسرائیلی فوجی معمولی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

حماس کے عسکری شعبہ عزالدین القاسم بریگیڈ نے فائرنگ کے تبادلے کی تصدیق کی ہے اورکہا کہ شمال مغربی غرہ کے علاقے میں دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والی صیہونی بحریہ کے فوجیوں اور ہمارے جنگجوؤں کے درمیانی فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔منگل کو اپنے حملوں کا آغاز کرنے کے بعد سے یہ اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ میں پہلی زمینی کارروائی تھی۔ دریں اثناء اسرائیلی فوج نے ہفتے کی رات ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج شمالی غزہ کی پٹی کے فلسطینیوں کو خبردار کر رہی ہے کہ وہ خود اپنی حفاظت میں اپنے گھر چھوڑ دیں۔

بیان میں کہا گیا کہ آج رات ہم شمالی غزہ کے رہائشیوں کو پیغامات بھیجیں گے کہ وہ اپنی حفاظت میں اپنے مکان خالی کردیں،حماس کے قریب رہنا غیر محفوظ ہے۔ایسا پہلی دفعہ نہیں ہوا ہے کہ اسرائیلی انتباہ میں فلسطینیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھر خالی کردیں تاہم یہ ایسا موقع پر کیا گیا ہے جب یہودی ریست نے تل ابیب پر داغے جانے والے راکٹوں کی بوچھاڑ کے پیش نظر فضائی حملے تیز کردئیے ہیں۔طبی ذرائع کے مطابق ہفتے کو دیر گئے کئے جانے والے فضائی حملوں کی لہر میں کم از کم سولہ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔غزہ سٹی کے نواحی علاقہ نفاہ میں جاں بحق ہونے والے پندرہ افراد شامل ہیں۔