Live Updates

عمران خان یوم آزادی کو یوم احتجاج کے طور پر نہ منائیں، خواجہ سعد رفیقا

اتوار 13 جولائی 2014 15:23

عمران خان یوم آزادی کو یوم احتجاج کے طور پر نہ منائیں، خواجہ سعد رفیقا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2014ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ زندہ قومیں اپنے یوم آزادی پر دست و گریبان نہیں ہوتیں۔ عمران خان یوم آزادی کو یوم احتجاج کے طورپرنہ منائیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ وطن عزیز کی آزادی کی تقریبات کو شایان شان انداز میں ملک بھر میں منایا جائے گا اور اس سلسلے میں مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔

دہشتگردوں کے خلاف سپاہیوں کا مورال بلند کرنے کے لئے آزادی کی تقریبات میں ہمیں متحد نظر آنا چاہیئے، ہمارے کسی قدم سے دشمن کو بات کرنے کا موقع نہیں ملنا چاہیئے۔ ملک کی تمام سیاسی قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اکٹھے ہوکر آگے بڑھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی عمران خان کی پیدائش سے بھی پہلے سے منایا جاتا ہے ، وہ اپنے احتجاج کی تاریخ اور جگہ کو تبدیل کرنے پرغورکریں، انہیں سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں کہ ہماری تقریبات کا حصہ بنیں لیکن اس وقت وہ لندن میں چھٹیاں منارہے ہیں، وطن واپسی پر ان سے رابطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے آصف زرداری کے ساتھ آمریت کے خاتمے اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی بحالی کے لئے جدو جہد میں حصہ لیا تھا، اگر پیپلز پارٹی نے پرویز مشرف سے کوئی ڈیل کی تھی تو اس کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں۔ پرویز مشرف ہمارا مسئلہ نہیں، ان کے خلاف مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر بنا ہے اور جب کوئی مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہوتا ہے وہ اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری شعلہ بیان مقرر اور عالم دین ہیں، ہزاروں لوگ ان کے معتقد ہیں، بطور سیاسی کارکن وہ سمجھتے ہیں کہ طاہر القادری اپنے تجربے اور علم کو مثبت جگہ پر استعمال کریں۔ اگر وہ موقع فراہم کریں تو مسلم لیگ (ن) انہیں مطمئن کرنے کے لئے تیار ہے لیکن انہیں اور عمران خان کو چوہدری پرویز الہیٰ جیسے کرداروں سے محتاط رہنا ہوگا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات