Live Updates

نواز شریف اور عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ، کنور دلشاد، پارلیمانی لیڈر کیخلاف سپریم کور بھی کارروائی کا حق نہیں رکھتا ان کے خلاف صرف سپیکر کی منظوری کے بعد کارروائی ہوسکتی ہے یہ سیاسی سٹنٹ ہے جسے بطور ہتھیار استعمال کیا جارہا ہے، سا بق سیکرٹری الیکشن کمیشن کی خصوصی گفتگو

ہفتہ 12 جولائی 2014 21:40

نواز شریف اور عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس کی کوئی قانونی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جولائی۔2014ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر ہونے والے ریفرنس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ عمران خان اور نواز وزیراعظم نواز شریف کو الیکشن کمیشن نااہل قرار نہیں دے سکتا۔ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں یہ سماعت نہیں آتا۔

پارلیمانی لیڈر کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان بھی کارروائی کا حق نہیں رکھتا ان کے خلاف صرف سپیکر کی منظوری کے بعد کارروائی ہوسکتی ہے یہ سیاسی سٹنٹ ہے جسے بطور ہتھیار استعمال کیا جارہا ہے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ڈاکٹر ارسلان افتخار اور پی ٹی آئی کے ذریعے دائر ہونے والے ریفرنس کا اختیار نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس پرسماعت کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 63(1) کے تحت کسی بھی شہری یا عوامی شکایات کی صورت میں الیکشن کمیشن صرف اس وقت کارروائی کر سکتا ہے جب قومی اسمبلی کا سپیکر اس کی باضابطہ پارلیمنٹ سے منظوری دے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پارلیمنٹرین کے خلاف اور بالخصوص پارلیمانی لیڈر کے خلاف سپریم کورٹ بھی اس کے خلاف قانونی اور آئینی کارروائی نہیں کر سکتا تاہم پارلیمنٹ میں سپیکر کی منظوری کے بعد اس پر کارروائی ہوسکتی ہے۔

اور اس کیلئے بھی سپیکر کو باضابطہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کو تحریری طورپر ریفرنس بھیجنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2007 ء میں عمران خان کے خلاف سابق وزیر قانون شیر افگن نے جو ریفرنس دائر کیا تھا اس پر بھی سپیکر قومی اسمبلی کی منظوری کے بعد کارروائی کی گئی تھی اور اس کا آئینی و قانونی طریقہ بھی یہی ہے کہ سپیکر کی منظوری کے بعد متعلقہ پارلیمانی لیڈر کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس کیلئے بھی آئین اور ضابطہ موجود ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات