پاکستان کا سرحد پار سے فوجی چیک پوسٹ پر دہشتگرد وں کے حملے پرافغانستان سے احتجاج

ہفتہ 12 جولائی 2014 21:13

پاکستان کا سرحد پار سے فوجی چیک پوسٹ پر دہشتگرد وں کے حملے پرافغانستان ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جولائی۔2014ء) افغانستان سے پاکستان کے قبائلی علاقے ماموند میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں کیپٹن سمیت 3 اہلکار شہید اور 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ پاکستان نے سرحد پار حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغانستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق افغان صوبے کنڑ سے دہشت گردوں نے پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند کے علاقے گکھی میں واقع فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کیپٹن سمیت 3 اہلکار شہید جب کہ 2 اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔

حملے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔دوسری جانب پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی پر افغانستان سے شدید احتجاج کیا ہے،دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اپنے بیان میں افغانستان سے دہشت گردوں کے پاکستانی فوجی چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرحد سے پاکستانی حدود میں کئے گئے تازہ حملے میں افسر سمیت 3 فوجی جوان شہید ہوئے جس پر اسلام آباد اور کابل میں افغان حکام سے رابطہ کرکے انہیں کہا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کرے اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل مئی میں بھی سرحد پار سے دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں 14 دہشت گرد مارے گئے تھے جب کہ پاک فوج کا ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :