ٹڈاپ اسکینڈل میں مخدوم امین فہیم کی ضمانت منظور

جمعرات 10 جولائی 2014 13:41

ٹڈاپ اسکینڈل میں مخدوم امین فہیم کی ضمانت منظور

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2014ء) انسداد بدعنوانی کی عدالت نے ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کی ضمانت منظور کرلی۔ کراچی میں انسداد بدعنوانی کی عدالت کے جج محمد علیم نے پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کے باعث اپنے چیمبر میں ٹڈاپ اسکینڈل کے مقدمات کی سماعت کی۔

جہاں پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم بھی پیش ہوئے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بھی مخدوم امین فہیم سے اظہار یکجہتی کے لئےعدالت پہنچے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالت نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اسکینڈل کے 12 مقدمات میں 2،2 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں پر سابق وفافی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم کی ضمانت منظور کرلی۔

اس کے علاوہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں بھی 5 اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔ کیس کی مزید سماعت 5 اگست کو ہوگی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر دونوں رہنماؤں کو حاضری سے بھی مستثنیٰ قراردے دیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :