سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم نوازشریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی

بدھ 9 جولائی 2014 16:03

سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم نوازشریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم نوازشریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی جبکہ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ عدالت سول سرونٹس کی پسلیاں اور بیساکھی نہیں بن سکتی ,جو بھی متاثر ہے وہ عدالت سے رجوع کرے۔ بدھ کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخوست پر سماعت کی۔

ملتان کے رہائشی محمد فہیم گل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ سول سرونٹ کو تحفظ دینے کیلئے انیتا تراب کیس کا فیصلہ دے چکی ہے اس کیس کے فیصلے پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں عملدرآمد نہیں کر رہیں۔یہ عمل توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا عدالت وزیراعظم نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

(جاری ہے)

جسٹس جواد ایس خواجہ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا آپ متاثرہ فریق اور سول سرونٹ ہیں جس کے جواب میں درخواست گزار نے کہا کہ میں متاثرہ فریق اور سول سرونٹ نہیں۔

عام شہری ہوں۔ نشاندہی کر سکتا ہوں کہ وفاق اور پنجاب کی صوبائی حکومت نے کس طرح سے فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے۔جس پر جسٹس جواد نے کہا کہ آپ متاثرہ فریق نہیں اس لئے درخواست کی سماعت نہیں کر سکتے۔اگر کوئی سول سرونٹ متاثر ہے تو عدالت سے رجوع کرے۔عدالت کسی بھی سول سرونٹ کی بیساکھی یا پسلی نہیں بن سکتی بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم نوازشریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔