دوسرا سیمی فائنل، ڈچ آرمی پر’’میسی میزائل ‘‘ کا خوف طاری

بدھ 9 جولائی 2014 14:01

دوسرا سیمی فائنل، ڈچ آرمی پر’’میسی میزائل ‘‘ کا خوف طاری

ساؤ پاؤلو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9جولائی 2014ء) فٹبال ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان آج رات کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں فیصلہ کن معرکے کا ٹکٹ کٹوانے کیلیے بیتاب ہیں، ڈچ آرمی پر میسی میزائل کا خوف طاری ہو چکا، توڑ کے لیے اسٹرائیکر ارجین روبین کو فری ہینڈ دے دیاگیا، ٹائٹل کے قریب پہنچ کر ہمت ہارنے کی پرانی بیماری سے نجات بھی کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگی،روبن وین پرسی گول کا اچانک پڑنے والا قحط ختم کرنے کو بے چین ہیں، تجربات کے شوقین کوچ لوئیس وان گال سے اس بار بھی ’سرپرائز‘ کی توقع کی جارہی ہے، دوسری جانب منزل کے قریب پہنچنے سے ارجنٹائنی جوش بھی ٹھاٹھیں مارنے لگا۔

ٹیم 24 برس بعد فائنل میں جگہ بک کرانے کو بے قرار ہے، انجرڈ مڈ فیلڈر اینجل ڈی ماریا کی خدمات حاصل نہیں مگر لیفٹ بیک مارکوس روجو ایک میچ کی معطلی کاٹ کر پھر کھیلنے کو آزاد ہوں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان بدھ کی شب ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کھیلاجارہا ہے جس میں توجہ کا مرکز لیونل میسی اور ڈچ اسٹار ارجین روبین ہوں گے۔

27 سالہ میسی نے اب تک کے مقابلوں میں ٹیم کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کیا تاہم ماہرین کے مطابق انھوں نے اپنا اصل کھیل بڑے اسٹیج کے لیے اب بھی سنبھال کر رکھا ہوا ہے۔

میسی چار مرتبہ فٹبالر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرچکے لیکن انھیں اپنے ہی ملک کے سپر اسٹار ڈیگو میرا ڈونا اور برازیلین پیلے جیسے عظیم ترین فٹبالرز کی طرح کا رتبہ حاصل کرنے کیلیے اپنے ملک ارجنٹائن کو ورلڈ چیمپئن بنانا ہوگا، فارورڈ نے اب تک چار گول کیے مگر یہ سب گروپ اسٹیج میںہوئے،انھوں نے ناک آؤٹ میچز میں بھی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، جس طرح ارجنٹائن کو میسی پر بھروسہ ہے ویسے ہی نیدرلینڈز کو اپنے اسٹرائیکر ارجین روبین پر اعتماد ہے جو اپنی برق رفتاری سے کسی بھی ٹیم کے دفاع میں دراڑ ڈال سکتے ہیں۔

ان کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ وہ آسانی سے پنالٹیز بھی حاصل کرلیتے ہیں۔نیدرلینڈز کے ایک اور اسٹار فٹبالر روبن وین پرسی اپنی پرفارمنس کے حوالے سے کافی پریشان ہیں، انھوں نے اسپین کے خلاف میچ میں حیران کن ہیڈرر کے ساتھ 2 گول کیے مگر ناک آؤٹ راؤنڈ میں ابھی تک ایک بار بھی کھاتہ نہیں کھول پائے، انھیں اسکور کیے بغیر فیلڈ میں 225منٹ گزرچکے ہیں، چلی کے خلاف وہ معطل تھے، میکسیکو سے میچ میں 76 ویں منٹ میں انھیں باہر بلالیا گیا ۔

جہاں سے انھوں نے اپنے متبادل کالاس جان ہنٹیلر کو انجری ٹائم پنالٹی پر گول کرتے ہوئے دیکھا تھا۔ ڈچ کوچ لیوئس وان گال اپنے منفرد تجربات کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتے ہیں، کوسٹاریکا سے میچ میں پنالٹی شوٹ کیلیے انھوں نے ریزرو گول کیپر ٹم کرول کو میدان میں اتارا جنھوں نے 2گول روکے تھے، اب سیمی فائنل میں بھی ان سے کسی خاص تجربے کی امید کی جاسکتی ہے۔

نیدرلینڈز 1974، 1978 اور 2010 میں ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا جہاں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا،1978 میں تو اسے ارجنٹائن سے ہی مات ہوئی تھی ، اس بار ڈچ سائیڈ ٹائٹل کے پاس ہمت ہارنے کی عادت سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔

ادھر ارجنٹائن کو اس مقابلے میں اپنے انجرڈ مڈ فیلڈر اینجل ڈی ماریا کی خدمات تو حاصل نہیں ہوں گی تاہم گذشتہ میچ میں معطلی کی وجہ سے بنچ پر بیٹھنے والے لیفٹ بیک مارکوس روجو میدان میں اترنے کو تیار ہیں، ٹیم نے آخری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل 1990 میں کھیلا تھا۔

کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کے خلاف فیصلہ کن گول کرنے والے گونزالو ہیگوئن نے کہاکہ ہم ایک ایسی ٹیم کا سامنا کرنے والے ہیں جوجوابی حملوں میں ماہر ہے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ گیند کو زیادہ سے زیادہ اپنے کنٹرول میں رکھیں۔