ورلڈ کپ: ارجنٹائن 24 سال بعد سیمی فائنل میں

ہفتہ 5 جولائی 2014 23:49

ورلڈ کپ: ارجنٹائن  24 سال بعد سیمی فائنل میں

برازیلیا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جولائی۔2014ء)فٹبال ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے بیلجیئم کو 1-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔برازیل کے شہر برازیلیا میں ہونے والے میچ میں ارجنٹائن کے اسٹرائیکر گونزالو ہیگوین نے پہلے ہاف کے آٹھویں منٹ میں ہی گول کر کے ارجنٹائن کو برتری دلوا دی تھی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔

(جاری ہے)

بیلجیئم کی جانب سے متعدد بار ارجنٹائن کے گول پر حملے کیے گئے مگر انہیں ایک بار بھی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔کھیل کے آخری لمحات میں بیلجیئم کو ایک شاندار موقع ملا مگر وہ اس موقع سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکے۔یہ 24 سال میں پہلا موقع ہے جب ارجنٹائن نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے، اس سے قبل 1990 میں میراڈونا کی ٹیم نے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔سیمی فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ ہالینڈ اور کوسٹاریکا کے درمیان ہونے والے چوتھے کوارٹر فائنل میچ کے فاتح سے ہو گا۔