آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن جاری، تعداد 6 لاکھ 98 ہزار تک پہنچ گئی

ہفتہ 5 جولائی 2014 16:09

آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن جاری، تعداد 6 لاکھ 98 ہزار تک پہنچ گئی

بنوں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5جولائی 2014ء)شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ، این ڈی ایم اے کے سربراہ کا کہنا ہے آئی ڈی پیز کو ہر دستیاب سہولت فراہم کی جائے گی ، بکا خیل کیمپ میں پیدا ہونے والے بچے کا نام آپریشن ضرب عضب کی مناسبت سے عضب خان کلے رکھ دیا گیا۔ بنوں میں تین مقامات پر قائم رجسٹریشن مراکز میں متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ۔

53 ہزار 800 خاندانوں کی رجسٹریشن کے ساتھ نقل مکانی کرنے والوں کی کل تعداد 6 لاکھ 98 ہزار 853 ہوگئی ہے ۔ اب تک 28ہزار 413 خاندانوں میں حکومت کی جانب سے 34 کروڑ 9 لاکھ 56 ہزار روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔ انتظامیہ کے مطابق اگلے چند روز تک ہر خاندان کو وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ چالیس ہزار روپے کی ادائیگی کر دی جائے گی تاہم جو خاندان بارہ ہزار روپے پہلے ہی حاصل کر چکے ہیں انہیں مزید 28 ہزار روپے ملیں گے ۔

(جاری ہے)

بکا خیل کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے این ڈی ایم اے کے چئیرمین میجر جنرل سید علیم نے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز کو ہر دستیاب سہولت دی جائی گی ۔ بکا خیل کیمپ میں پیدا ہونے والے نومولود کا نام آپریشن ضرب عضب کی مناسبت سے عضب خان کلے رکھ دیا گیا ہے ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں نقل مکانی کر کے آنے والوں کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔ راشن کی تقسیم کے دوسرے مرحلے میں فوڈ پیکج 80 کلو سے بڑھا کے 160 کلو گرام کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرین میں شامل بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔