اسٹیٹ بینک نے اسلام آباد ایئر پورٹ سے ڈالر کے علاوہ دیگر تمام فارن کرنسیوں کی ایکسپورٹ کی اجازت دیدی

جمعرات 3 جولائی 2014 20:13

اسٹیٹ بینک نے اسلام آباد ایئر پورٹ سے ڈالر کے علاوہ دیگر تمام فارن کرنسیوں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3جولائی 2014ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسلام آباد ایئر پورٹ سے ڈالر کے علاوہ دوسری تمام فارن کرنسیوں کی ایکسپورٹ کی اجازت دے دی ہے۔اسٹیٹ بینک کے اس اقدام سے ایکسچینج کمپنیوں کی برآمدی لاگت میں کمی آئے گی اور ان کے خراجات بھی کم ہوں گے اس طرح ڈالر کا ریٹ مزید گرے گااورپاکستانی روپیہ مضبوط ہوگا جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافے کاامکان ہے ۔

ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئر مین ملک محمد بوستان نے مرکزی بینک کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے اس اقدام سے ہمارا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اندرون ملک سے ایکسچینج کمپنیوں کو فارن کرنسی کراچی لانی پڑتی تھی اور یہاں سے پھر دبئی ایکسپورٹ کی جاتی تھی جس پر بھاری اخراجات آتے تھے جس کی وجہ سے ڈالر کے ریٹ میں اضافہ ہوجاتا تھا لیکن اب اسلام آباد ائیر پورٹ سے اجازت مل جانے کے بعد بہت سی پریشانیوں سے نجات مل جائے گی اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ رمضان مبارک میں ڈالر کا ریٹ مزید گرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے پہلے ڈالر کا ریٹ 99.90 روپے تھا اور آج کم ہو کر99.50 روپے پر آچکا ہے جبکہ عید تک ڈالر 98 روپے تک آجائے گا۔ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے ایسوسی ایشن کی جانب سے مرکزی بینک سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختون خواہ کے ایئر پورٹ پشاور سے بھی ایکسچینج کمپنیوں کو فارن کرنسی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔

متعلقہ عنوان :