شمالی وزیرستان میں آپریشن کامیاب ہوگا، فوجی کارروائی کا مقصد دہشت گردوں کے مسلح گروہوں کا خاتمہ کرنا ہے‘ پرویز رشید

بدھ 2 جولائی 2014 13:07

شمالی وزیرستان میں آپریشن کامیاب ہوگا، فوجی کارروائی کا مقصد دہشت ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2جولائی 2014ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، سینیٹر پرویز رشید نے پاکستان فوج کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف جاری کارروائی ’کامیاب ہوگی‘۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے پرویز رشید نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ افغانستان اور بھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو فروغ ملے گا۔

اْنھوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت نے اقتدار کے پہلے سال کے دوران کئی شعبوں میں ’شاندار کامیابی‘ حاصل کی ہے، جب کہ ملک کو دہشت گردی اور تشدد کی صورت حال سے بھی نبردآزما ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی معاملہ ہے کیونکہ پوری دنیا کو اس مسئلے کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

دہشتگردی میں ملوث مسلح گروہوں کی جڑیں افغان جنگ سے پیوستہ ہیں اور ان کے اپنے مخصوص مفادات ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں جس میں ہم اب تک ایک سو تیس ارب ڈالر کا نقصان اٹھا چکے ہیں۔ایک سوال پر پرویز رشید نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری فوجی کارروائی کا مقصد دہشتگردوں کے مسلح گروہوں کا خاتمہ کرنا ہے جبکہ ملک میں پھیلی ہوئی ان کی سوچ کے خاتمے میں وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دوسرے ملکوں کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور دوسرے ملکوں سے بھی اسی جذبے کی توقع رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بے گھر لوگوں کی مشکلات کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقداما ت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ہر بے گھر خاندان کو چالیس ہزار روپے کی نقد امداد فراہم کی جارہی ہے نقل مکانی کرنیوالوں میں30کروڑ روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں،رمضان پیکج کے تحت نقل مکانی کرنے والے ہر خاندان کو بیس ہزار روپے بھی دیئے جارہے ہیں، جس کا اعلان وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے بنوں کے دورہ کے دوران کیاتھا۔

متعلقہ عنوان :