غیر ملکی ایئر لائنز کا حساس ایئر پورٹس پر رات کو جہاز اتارنے سے انکار

ہفتہ 28 جون 2014 11:57

غیر ملکی ایئر لائنز کا حساس ایئر پورٹس پر رات کو جہاز اتارنے سے انکار

پشاور / کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 2جون 2014ء) غیر ملکی ایئر لائنز نے کراچی ایئرپورٹ پر حملے اور پشاور میں طیارے پر فائرنگ کے بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشن جاری رکھنے یا بندکرنے پرغورشروع کر دیاہے۔ دو بڑے ایئرپورٹس پردہشت گردی کی کارراوئیوں کے بعد غیر ملکی ایئرلائنز نے حساس ایئرپورٹس پر رات کوجہاز اتارنے سے معذرت کرلی ہے،غیرملکی ایئرلائنز کی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ وہ دن کوہی اپنا فضائی آپریشن کریں گی،کیتھے پیسفک نے29جون کے بعد اپنا فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیاہے۔

ایمرٹس ایئر لائن نے اگلے3دن اپنی فلائٹس پشاور ایئرپورٹکے بجائے اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتارنے پر اصرار کیا ہے۔ اتحاد ایئر لائن بھی پشاور ایئر پورٹ پر طیارے اتارنے سے گریزاں ہے جبکہ تھائی ایئر لائن نے بھی آپریشن جاری رکھنے یا نہ رکھنے پر غور شروع کر دیاہے۔

(جاری ہے)

آئی این پی کے مطابق سعودی ایئرلائنز نے بھی پشاورکیلیے اپنی پروازیں معطل کردی ہیں ۔

پشاور سے نمائندے کے مطابق پشاور میں طیارے پر فائرنگ کی جگہ کا تعین کرلیا گیا ہے ، پولیس حکام کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے سلیمان خیل بڈھ بیر سے ایم 16 گن کے 16 خالی خول برآمد کرلیے ہیں ، کالعدم تنظیم کے ارکان نے فائرنگ کیلئے بند سکول کی چھت کو استعمال کیا ، چوتھے روز بھی سرچ آپریشن جاری رہا جس میں56 مشکوک افراد گرفتار کرکے 4 کلاشنکوف، 16 پستول، 4 بندوق اور ہزاروں کارتوس برآمد کرلیے گئے ہیں ، پشاور اور چترال ایئرپورٹس پر کلوز سرکٹ کیمرے نصب کردیے گئے ہیں ، سیکیورٹی اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔