آئی ڈی پیز کیلئے مؤثر انتظامات کیے جائیں، انسانی حقوق کمیشن

ہفتہ 28 جون 2014 11:28

آئی ڈی پیز کیلئے مؤثر انتظامات کیے جائیں، انسانی حقوق کمیشن

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 2جون 2014ء) پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کو درپیش مشکلات اور مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بے گھر ہونے والے افراد کی دیکھ بھال کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے حکام اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے درمیان بامقصد تعاون کو یقینی بنایا جائے، شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کے لیے بنوں میں قائم کیمپ کے وزیراعظم کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، یقین ہے کہ وزیراعظم کے دورے کے دوران دی جانے والی ہدایات سے ان بدنصیب لوگوں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی، جمعے کو جاری بیان میں پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے ان رپورٹوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا، جن کے مطابق ان کیمپوں میں مقیم افراد ملنے والی امداد سے مطمئن نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق بے گھر افراد کی بڑی تعداد نے بنوں اور دوسرے شہروں میں ذاتی طور پر رہائش گاہیں حاصل کی ہیں، ان میں سے کافی لوگوں نے پشاور میں پناہ حاصل کی، ماضی کا تجربہ بتاتا ہے کہ ان کیمپوں میں بے گھر خاندانوں کی خواتین اور بچوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان کے ساتھ خصوصی سلوک کرنے کی ضرورت ہے۔

حکام کو چاہیے کہ وہ ان کے پاس جائیں اور ان کو اس طرح امداد مہیا کریں، جس سے ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو،کمیشن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ چونکہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں پولیو کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر پوری دنیا کو سخت تشویش ہے، اس لیے بے گھر افراد کے معاملات سے متعلقہ حکام کے لیے لازمی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام بے گھر افراد کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے، اس امر کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر معائنہ ٹیمیں قائم کی جائیں، یہ شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ سول سوسائٹی کی تنظیموں اور میڈیا کو کیمپوں تک رسائی نہیں دی جا رہی، اس صورت حال کا فوری تدارک کیا جائے۔