ڈاکٹر طاہر القادری کی سراج الحق کو فون کر کے اے پی سی میں شرکت کی دعوت ، جماعت اسلامی نے قبول کر لی

جمعہ 27 جون 2014 22:05

ڈاکٹر طاہر القادری کی سراج الحق کو فون کر کے اے پی سی میں شرکت کی دعوت ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 2جون 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو فون کر کے انہیں اے پی سی میں یک نکاتی ایجنڈے ” سانحہ ماڈل ٹاؤن “ پر شرکت کی دعوت دیدی ۔ امیر جماعت اسلامی کی ہدایت پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ کی قیادت میں امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد اور حافظ سلمان بٹ پر مشتمل تین رکنی وفد اے پی سی میں شرکت کرے گا ۔

جماعت اسلامی کا یہ وفد تحریک منہاج ا لقرآن کے مرکز پر پولیس گردی کے نتیجہ میں چودہ کارکنان کے قتل کے خلاف یک نکاتی ایجنڈے پر اے پی سی میں شریک ہوگا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بھی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کو فون کر کے ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی جس پر امیر جماعت نے کہاکہ وہ شمالی وزیرستان کے مہاجرین کے کیمپوں میں قیام کے بندوبست اور ان کو ضروریات زندگی کی فراہمی میں مصروف ہیں ، تاہم یکم جولائی کے بعدیہ ملاقات منصورہ لاہور میں ممکن ہو سکے گی جس سے چوہدری شجاعت حسین نے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملاقات کرنے منصورہ آئیں گے ۔