مذاق مہنگا پڑگیا،سعودی شہری کو سچ مچ ایک اور شادی کرنا پڑ گئی

جمعہ 27 جون 2014 19:58

مذاق مہنگا پڑگیا،سعودی شہری کو سچ مچ ایک اور شادی کرنا پڑ گئی

ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 2جون 2014ء)ایک شادی شدہ سعودی شہری کو مذاق ہی مذاق میں ایک نئی دلہن مل گئی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی شہری جنوبی شہر جازان میں اپنی ہمشیرہ کی تقریب منگنی میں شریک تھا کہ اس کے دوستوں نے اسے کہا کہ وہ ایک بوڑھے مہمان کے پاس جائے اور اس سے کہے وہ ان کی بیٹی سے شادی کر سکتا ہے۔ دوستوں نے کہا کہ جاو اور اس مہمان سے کہو کہ تم اس کی ٹیچر بیٹی سے شادی کر سکتے ہو۔

اپنے دوستوں کہ اس مذاق کا چیلنج قبول کر کے سعودی شہری بوڑھے مہمان کے پاس گیا اور ان کی بیٹی کا نام شادی کے لیے تجویز کر دیا۔بوڑھے مہمان کو پہلے تو اس اچانک سامنے آنے واالی تجویز پر حیرت ہوئی تاہم بوڑھے مہمان نے بعد ازاں اس تجویز کو قبول کرتے ہوئے تقریب میں موجود نکاح خواں کو بلا لیا جو اتفاق سے تقریب میں ہی موجود تھا۔

(جاری ہے)

منگنی کی تقریب کے اچانک تقریب شادی میں تبدیل ہو جانے سے سب حیران رہ گئے۔

نوجوان آدمی نے کچھ توقف چاہا لیکن بوڑھے شخص نے اصرار کیا کہ اب شادی کو آگے بڑھنے دیا جائے اور اس سلسلے میں مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد کا بھی وعدہ کیا۔ شادی کی پیش کش کرنے والے نوجوان کو اپنے ہی دام میں آنا پڑا۔ نکاح کی تمام تفصیلات کے ساتھ نکاح نامے پر دستخط کر دیے گئے۔ تاہم نکاح خوان نے اس وقت تک نکاح کو حتمی شکل دینے سے انکار کر دیا جب تک دلہا، دلہن کے طبی معائنے مکمل نہ ہوں۔

سوشل میڈیا پر جہاں لوگوں نے نئے جوڑے کو مبارکباد دی ہے وہیں دلہن سے اس کی رضا مندی نہ لینے کو غیر اسلامی قرار دے کر اس کی مذمت کی ہے۔جبکہ دلہے کو معذرت کرتے ہوئے کہنا پڑا ہے میں تو صرف مذاق کر رہا تھا، میرے پاس تو حق مہر کی ادائیگی کے لیے بھی رقم نہیں تھی، دوستوں کے کہنے میں آ کر شادی کی خواہش ظاہر کر دی۔