شوہر کا خوف، بیوی نے بینک لوٹ لیا

بدھ 25 جون 2014 23:38

شوہر کا خوف، بیوی نے بینک لوٹ لیا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جون۔2014ء)برطانیہ میں ملازمت سے نکالے جانے کا راض اپنے شوہر سے چھپانے کے لیے ایک خاتون نے بینک لوٹ لیا۔اٹھائیس سالہ نیکولا لائر پہلی مرتبہ تو کامیاب رہیں تاہم دوسری مرتبہ ایسا کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔عدالت کو بتایا گیا کہ نیکولا نے پہلے لون لیکر اپنے انتیس سالہ شوہر جوئیل سے یہ راض چھپانے کی کوشش کی تاہم جب ان کا قرض بڑھتا چلا گیا تو وہ یورکشائر بینک کی ایک برانچ گئیں جہاں انہوں نے کیشیئر کو ایک نوٹ تھمایا جس پر لکھا تھا 'مجھے پیسے دو، میرے پاس بندوق ہے اور اگر ضرورت پڑی تو میں اس کا استعمال کروں گی۔

'نیکولا کی یہ دھمکی کامیاب رہی اور کیشئر نے انہیں 2375 پاؤنڈز رقم تھمادی تاہم انہیں اسی بینک کی ایک دوسرے برانچ میں اس حرکت کو دہرانے کی کوشش کے بعد پکڑلیا گیا۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ ان کی گرفتاری کے صرف ایک ہفتے بعد انہیں کتابوں کی ایک دکان میں نوکری کی پیشکش کی گئی۔ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ نیکولا نے سوچا کہ اگر پیسے آتے رہیں گے تو ان کے شوہر کو لگے گا وہ ابھی بھی کام کررہی ہیں جسکی وجہ سے انہوں نے لون لینا شروع کردیا۔

تاہم لون دینے والی کمپنی نے لون لوٹانے کے لیے ان پر دباؤ بڑھانا شروع کردیا جس کی وجہ سے نیکولا بینک لوٹنے پر مجبور ہوگئیں۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ نیکولا اپنی اس حرکت پر بے انتہا شرمندہ ہیں اور انہیں اس بات کا علم ہے کہ اس سے انکی آزادی چھننے کے ساتھ ساتھ شادی بھی ختم ہوجائے گی۔نیکولا کو جنوری میں اپنی سابقہ نوکری سے نکالا گیا تھا۔نیکولا کو دو سال کی سزا سنائی گئی جبکہ سزا دینے والے جج کا کہنا تھا کہ انہوں نے کم سزا اس وجہ سے دی کہ نیکولا عادی مجرم نہیں ہیں اور ان پر اس جرم کو کرنے کے لیے سخت دباؤ تھا۔نیکولا نے عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اقرار بھی کرلیا۔