ایمریٹس ایئر لائن نے پشاورکیلئے آپریشن بند کردیا

بدھ 25 جون 2014 18:27

ایمریٹس ایئر لائن نے پشاورکیلئے آپریشن بند کردیا

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جون۔2014ء) دبئی کی فضائی کمپنی ایمریٹس نے باچا خان ایئرپورٹ پر لینڈنگ حملے کے بعد پشاور کے لئے اپنا آپریشن بند کردیا ہے۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب باچا خان ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی فلائٹ 756 پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی تھی۔نجی ٹی وی کو ای میل کے ذریعے ایمریٹس ایئرلائں کے ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ مسافروں اور عملے کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کے لیے آپریشن غیرمعینہ مدت تک بند کردیا گیاہے اور یہ فیصلہ 25 جون سے قابل عمل ہوگا۔فائرنگ کے واقعے کے بعد آج پشاور سے دو پروازوں کا رخ اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ابو ظہبی سے آنے والی اتحاد ایئرویز کی فلائٹ اسلام آباد میں لینڈ کرے گی جبکہ کوالا لمپور سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز نمبر 895 لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹس کا رخ سیکورٹی خدشات کی بنا پر موڑا گیا ہے اور کلیئرنس کے بعد معمول کی پروازیں شروع کردی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :