کسی کواسلام آباد میں مارچ کی اجازت نہیں دینگے، وزیرداخلہ

اتوار 22 جون 2014 21:57

کسی کواسلام آباد میں مارچ کی اجازت نہیں دینگے، وزیرداخلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جون۔2014ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی کسی شبے میں نہ رہے، کسی کو جلسے یا دھرنے کی آڑ میں اسلام آباد پر مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی جلسے کرنے کی ہر ایک کو اجازت ہے مگر غیر آئینی طور پر حکومت کو گرانے کا دعویٰ اور عزم رکھنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر طاہر القادری صاحب لاہور آ رہے ہیں تو حکومت کو کیا اعتراض ہو سکتا ہے مگر لاہور کے بجائے اسلام آباد میں اترنے کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔یاد رہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کل کینیڈا سے براستہ دبئی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار نے کہا کہ شدید سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر طاہر القادری صاحب اور اُن کے رفقاء کو بحفاظت لاہور پہنچانا حکومت کی ذمے داری ہے۔

اس موقع پر انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تمام سیکورٹی اداروں کی توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر مرکوز ہے مگر یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ طاہر القادری صاحب اس موقع پر اس میں خلل کیوں ڈالنا چاہتے ہیں۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ نہ تو کل اور نہ آّئندہ اسلام آباد میں مارچ کی اجازت دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :