اسلام آباد کے مزار پر دھماکا، 39 افراد زخمی

جمعہ 20 جون 2014 23:57

اسلام آباد کے مزار پر دھماکا، 39 افراد زخمی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مزار پر دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکا تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں پنڈوریاں کے مقام پر چن پیر بادشاہ کے مزار پر ہوا۔پمز ہسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ نے 31 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔

ترجمان پمز کا کہنا تھا کہ تمام سینئرسرجن، ڈاکٹرز اور آرتھوپیڈک ڈاکٹرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر پولی کلینک ہسپتال کے سینئر ڈاکٹر خرم کے مطابق ہسپتال میں آٹھ زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو پولیس، رینجرز اور کمانڈوز نے گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کے داخلی اور خارجہ راستوں پر سیکورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق بم لنگر تقسیم کرنے کے دوران پھٹا جسے مزار کے احاطے میں موجود درخت کے ساتھ نصب کیا گیاتھا۔ان کا کہنا ہے کہ دھماکا نصب شدہ بم کے ذریعے کیا گیا۔دھماکے کے بعد پمز اسپتال اور پولی کلینک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :