آپریشن ضربِ عضب میں شمالی وزیرستان میں تمام مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے وزیر اعظم

جمعہ 20 جون 2014 19:34

آپریشن ضربِ عضب میں شمالی وزیرستان میں تمام مقامی اور غیر ملکی دہشت ..

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ شمالی وزیر ستان کے آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کے عمل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے  تمام دستیاب و سائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعظم جمعہ کو گورنر ہاؤس پشاور پہنچے تو گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ان کا استقبال کیا وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور عبدالقادر بلوچ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

گورنر ہاؤس پشاورپہنچنے کے بعد وزیراعظم نے گورنر خیبر پختونخوا اور وزیراعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شمالی وزیر ستان سے قبائلیوں کی نقل مکانی کی صورتحال اور آئی ڈی پیز کی حیثیت سے ان کیلئے حکومتی سطح پر کئے جانے والے اقدامات سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ حکومت شمالی وزیر ستان کے قبائلیوں کی مشکلات و مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا اور وزیراعلیٰ کو ہدایت کی آئی ڈی پیز کو ہر ممکن سہولت اور ریلیف مہیا کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضربِ عضب پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آپریشن تیزی اور کامیابی سے آگئے بڑھ رہا ہے، دہشت گردوں کے اہم ٹھکانے اور مواصلاتی مزاکز کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد پاک افغان سرحدی علاقے میں فرار ہو گئی ہے دہشت گردوں کو غیر ملکی مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔اس دوران نواز شریف نے ہدایت کی کہ آپریشن ضربِ عضب میں شمالی وزیرستان میں تمام مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن کی کامیابی کے لیے مسلح افواج کو اضافی وسائل فراہم کیے جائیں گے۔؂

متعلقہ عنوان :