ایم کیوایم کا منہاج القرآن کے کارکنوں کی ہلاکت کے خلاف کل یوم سوگ منانے کا اعلان

منگل 17 جون 2014 16:13

ایم کیوایم کا منہاج القرآن کے کارکنوں کی ہلاکت کے خلاف کل یوم سوگ منانے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جون 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ نے لاہور میں پولیس کے ہاتھوں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی ہلاکت کے خلاف کل ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کردیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر مختلف سیاسی رہنماؤ ں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے گھرپرشب خون ماراگیا، ایک ایسے وقت میں ان کی رہائش گاہ کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی گئیں جب وہ اپنی قطن واپسی کا اعلان کرچکے ہیں، ایک جانب یہ کہا جارہا ہے کہ حکومتی جماعت کو ان سے کوئی خطرہ نہیں اور دوسری جانب آج رکاوٹوں کو ہٹا کر اشتعال انگیزی پھیلائی گئی، عرصے سے لگے ہوئے بیریئرز کو ہٹانا فتنے کے برابرہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے اقدامات پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے پر امن دھرنے دیئے لیکن پنجاب حکومت نےجارحیت کامظاہرہ کیا، پُرامن مظاہرین پرگولیاں برسائی گئیں، یہ معاملہ لاٹھی چارج اور شیلنگ تک ہی محدود نہیں رکھا گیا بلکہ مظاہرین پر گولیاں برسائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس کے اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ قوم کی ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی آؤ بھگت گولیوں سےکرنا اور پرامن مظاہرین کو ریاست کی طاقت سے کچلنا جارحانہ، غیر جمہوری اور آمرانہ عمل ہے۔ اس کے باوجود بھی اگر جمہوریت کا دعویٰ کیا جاتا ہے تو یہ درست نہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس کارروائی سے اب واضع ہوگیا ہے کہ جمہوریت کے اصل دشمن کون ہیں جو مفادات کی سیاست کررہے ہیں۔ پنجاب پولیس کے اس اقدام کے خلاف ایم کیو ایم بدھ کو کراچی سمیت ملک بھر میں پر امن یوم سوگ منانے گی۔

متعلقہ عنوان :