وزیرستان کے معصوم عوام طالبان اور افواج پاکستان دونوں سے خوفزدہ ہیں،حاجی عدیل،شمالی وزیرستان آپریشن کے آئی ڈی پیز کو قریبی علاقوں میں باعزت پناہ گاہیں دی جائیں،آپریشن کا فیصلہ6ماہ پہلے کرلینا چاہئے تھا،اے این پی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،جنرل راحیل شریف انتہائی پیشہ ور فوجی ہیں لیکن موجودہ حکومت سے کسی بھی چیز کی توقع کی جاسکتی ہے، صحافیوں سے گفتگو

پیر 16 جون 2014 22:16

وزیرستان کے معصوم عوام طالبان اور افواج پاکستان دونوں سے خوفزدہ ہیں،حاجی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جون۔2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے عبوری صدر سینیٹر حاجی محمد عدیل نے کہا ہے کہ وزیرستان کے معصوم عوام طالبان اور افواج پاکستان دونوں سے خوفزدہ ہیں،شمالی وزیرستان آپریشن کے آئی ڈی پیز کو قریبی علاقوں میں باعزت پناہ گاہیں دی جائیں،آپریشن کا فیصلہ6ماہ پہلے کرلینا چاہئے تھا،اے این پی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،سابق آرمی چیف جنرل(ر) اشفاق پرویزکیانی میں قوت فیصلہ کی کمی تھی،جنرل راحیل شریف انتہائی پیشہ ور فوجی ہیں لیکن موجودہ حکومت سے کسی بھی چیز کی توقع کی جاسکتی ہے۔

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگوکر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی حکومت میں سوات میں کیا جانے والا آپریشن مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا تھا جس میں آئی ڈی پیز کیلئے خصوصی اقدامات کئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کی عوام معصوم ہیں،وہ افواج اور طالبان دونوں سے خوفزدہ ہیں،آئی ڈی پیز کیلئے فوری طور پر قریبی علاقوں میں محفوظ اور باعزت پناہ گاہیں فراہم کی جائیں،ایک سوال کے جواب میں حاجی عدیل نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پاک فوج اور حکومت کے شمالی وزیرستان میں آپریشن کی حامی ہے اور اس امر میں افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،امید ہے کہ جو کام حکومت نے شروع کیا ہے اسے منطقی انجام دے پہنچائے گی،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل(ر) اشفاق پرویز کیانی ہمیشہ اہم ترین فیصلوں پر تذبذب کا شکار رہے ہیں اور ان میں قوت فیصلہ کی کمی تھی تاہم موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف انتہائی پیشہ ور فوجی ہیں تاہم موجودہ حکومت سے کسی بھی چیز کی توقع کی جاسکتی ہے۔