شمالی وزیرستان آپریشن، وزیراعظم آج پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے

پیر 16 جون 2014 11:43

شمالی وزیرستان آپریشن، وزیراعظم آج پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جون 2014ء) وزیراعظم آج پارلیمنٹ کو شمالی وزیرستان آپریشن کے متعلق اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو آپریشن کے دوران عام شہریوں کے نقصانات کو کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور سیاسی جماعتوں کو شمالی وزیرستان میں ضرب عضب آپریشن پر اعتماد میں لیں گے۔

وزیراعظم کو آپریشن کی تفصیلات سے مکمل طور پر آگاہ رکھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ آپریشن کے دوران عام شہریوں کے نقصانات کو کم سے کم رکھنے کی کوشش کی جائے۔ ادھر وزارت خزانہ نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں مسلح افواج کی تمام ضروریات پوری کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق ‫ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے تمام مالی وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی معشیت کو اب تک 103 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا ہے اور قوم مزید نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی۔