شمالی وزیرستان آپریشن ،تقریباً سات ہزار افراد افغانستان پہنچ گئے، افغان حکام،ِ 90 افراد کا ایک قافلہ جمعے کو حوست پہنچا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، صوبائی ترجمان

جمعہ 13 جون 2014 00:17

شمالی وزیرستان آپریشن ،تقریباً سات ہزار افراد افغانستان پہنچ گئے، ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جون۔2014ء) افغا ن نے کہا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی وجہ سے تقریباً سات ہزار کے قریب افراد نے خواتین اور بچوں سمیت سرحد پار کرکے افغان علاقوں میں پناہ لے لی ہے۔ بی بی سی نے افغان حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تقریباً تین چار ہفتوں کے دوران شمالی وزیرستان میں فوج کی طرف سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں شدت آنے کے باعث ڈیورنڈ لائن کے اس پار افغانستان کے صوبے خوست کی طرف نقل مکانی میں اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان صوبائی گورنر محمد زدران نے کہا کہ جمعے کی صبح بھی 90 افراد کا ایک قافلہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے نقل مکانی کر کے یہاں پہنچا ہے۔انھوں نے کہا کہ اب تک سات ہزار کے لک بھگ افراد نے افغان علاقے گربز اور دیگر مقامات پر اپنے رشتہ داروں اور عزیزوں کے ہاں پناہ لی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ افغان حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر متاثرین کی رہائش کا مستقل انتظام کرنے کیلیے کوششیں تیز کر دی ہیں جبکہ بے گھر افراد کو خوراک اور خیمے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ خوست کی صوبائی انتظامیہ نے متاثرین کی رجسٹریشن اور دیگر معلومات حاصل کرنے کیلیے دو کمیشن مقرر کیے ہیں جن کا کام متاثرین سے متعلق ہر قسم کی تحقیقات کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس بات کا خاص خیال رکھا جارہا ہے کہ متاثرین کی آڑ میں ایسے افراد پناہ حاصل نہ کریں جو دونوں ممالک کو دہشت گردی اور شدت پسندی کے جرائم میں ملوث رہے ہوں۔

پاکستان میں بھی حکام تصدیق کرتے ہیں کہ شمالی وزیرستان میں کشیدگی کے باعث سینکڑوں افراد افغانستان کے سرحدی علاقوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔یہاں یہ امر بھی اہم ہے کہ چند دن قبل شمالی وزیرستان میں مقامی طالبان کے سربراہ حافظ گل بہادر نے ایک پمفلٹ کے ذریعے مقامی لوگوں کو کہا تھا کہ حکومت کی طرف سے بنائے گئے کیمپوں میں جانے کی بجائے وہ ایسے علاقوں کی طرف نقل مکانی کریں جہاں سے افغانستان منتقل ہونا آسان ہے۔افغان حکام کے مطابق اب تک سات ہزار کے قریب افراد نے افغان علاقے گربز اور دیگر مقامات پر اپنے رشتہ داروں اور عزیزوں کے ہاں پناہ لی ہے