کراچی ائیرپورٹ حملہ، نواز شریف کا قوم سے خطاب کا فیصلہ

بدھ 11 جون 2014 21:35

کراچی ائیرپورٹ حملہ، نواز شریف کا قوم سے خطاب کا فیصلہ

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جون۔2014ء) کراچی ائیرپورٹ واقعہ نے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کوبھی سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔اپوزیشن جماعتوں کی تنقید سے بچنے کیلئے حکومت کا سیاسی جماعتوں سے رابطے،قوم سے خطاب متوقع۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ائیر پورٹ کو چیک کئے بغیر کلیئر کئے جانے کے بعد وفاقی حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے وزیر اعظم نواز شریف اپنے وزراء سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کیلئے مسلم لیگی رہنماؤں کو اپوزیشن جماعتوں کیساتھ رابطوں کا خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔ذارئع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم سرکاری ٹیلی ویژن پر آئندہ چند دن میں قوم سے خطاب کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ایک مسلم لیگی رہنمااور اپنے تین سیکرٹریوں کو موجودہ حالات کے حوالے سے تقریر لکھنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف قوم سے خطاب کے دوران وفاقی وزراء کی ایک سالہ کارکردگی کے حوالے سے بات کرے گا۔اوراس بات کا قوی امکان ہے کہ وزیر داخلہ سمیت پانچ وفاقی وزراء کو فارغ یا اُن کے محکموں میں تبدیلی کی جائے گی۔