وزیراعظم نواز شریف کا بھارتی ہم منصب کو جذبہ خیر سگالی کا پیغام

بدھ 11 جون 2014 12:33

وزیراعظم نواز شریف کا بھارتی ہم منصب کو جذبہ خیر سگالی کا پیغام

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جون 2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ نریندرا مودی کے ساتھ مل کر تمام تصفیہ طلب امور حل کرنے کے خواہشمند ہیں. وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اپنے دورہ بھارت کے دوران بھارتی ہم منصب سے ہونے والی ملاقات میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارتی وزیراعظم کے ساتھ مل کر تمام تصفیہ طلب امور کو حل کرنے کے خواہشمند ہیں کیونکہ دونوں ملکوں میں غربت کی زندگی بسر کرنے والے افراد ہمارے منتظر ہیں اور دونوں ممالک کا مستقبل معاشی خوشحالی سے وابستہ ہے۔

امید ہے کہ ہماری کوششیں روشن مستقبل کی بنیاد ڈالیں گی۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق اختتام ہفتہ پر بھارتی وزیراعظم کے آفس کو اپنے پاکستانی ہم منصب کی جانب سے لکھا گیا ایک خط موصول ہوا ہے جس میں وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورہ بھارت کے دوران بھارتی وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نریندرا مودی سے ہونے والی ملاقات سے مطمئن ہیں۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ وہ نہ صرف دورہ بھارت سے مطمئن ہیں بلکہ باہمی تعلقات اور خطے کے معاملات پر بھارتی وزیراعظم سے بھی مفید بات چیت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں جہاں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وہاں علاقائی مفادات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ خطے میں امن اور خوشحالی کا دور شروع ہو سکے۔ امید ہے ہماری کوششیں خطے کے عوام کے روشن مستقبل کی بنیاد بنیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے لاکھوں افراد جن کا مستقبل معاشی خوشحالی سے وابستہ ہے ہمیں ان کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔

متعلقہ عنوان :