ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری ، تربت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ،گرمی کی یہ شدت آئندہ چند روز جاری رہے گی ،جنوبی پنجاب سمیت میدانی علاقوں میں یہ لہر دس روز سے بھی زائد جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

منگل 10 جون 2014 23:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جون۔2014ء) ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور منگل کو تربت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ گرمی کی یہ شدت آئندہ چند روز جاری رہے گی جبکہ جنوبی پنجاب سمیت میدانی علاقوں میں یہ لہر دس روز سے بھی زائد جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو سب سے زیادہ ترجہ حرارت تربت میں 50 سینٹی گریڈ ‘ بھکر میں 49 ‘ شور کوٹ ‘ دادو اور سبی میں 48 ‘ منڈی بہاؤ الدین‘ نورپور تھل اور بہاولنگر میں 47 ‘ لاہور‘ فیصل آباد ‘ سکھر‘ سرگودھا‘ جہلم‘ قصور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں 45 ‘ اسلام آباد 42 ‘ مظفر آباد 43 ‘ کراچی 36 اور مری میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت چند روز تک جاری رہے گی اور آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق میدانی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیدنگ میں بھی اضافہ ہوگیا اور کئی علاقوں میں 12 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے گرمی سے ستائے عوام کو بجلی نہ ہونے کے باعث پنکھے کی ہوا بھی میسر نہیں اور لوگ گرمی سے نڈھال ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :