قومی سلامتی پر سیاسی اور عسکری قیادت کا اجلاس، امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال،دہشتگردوں کو کھلی چھٹی نہیں دی جاسکتی، وزیراعظم

منگل 10 جون 2014 22:06

قومی سلامتی پر سیاسی اور عسکری قیادت کا اجلاس، امن و امان کی صورتحال ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جون۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ملکی سلامتی پر اہم اجلاس ہوا جس میں دہشتگردی کے حالیہ حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس کے دوران خطے کی مجموعی سیکورٹی صورت حال پر غور کیا گیا جبکہ کراچی، فاٹا اور بلوچستان کے سیکورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل راشد محمود شریک ہوئے۔اس کے علاوہ وزیر داخلہ چوہدری نثار اور دیگر اعلٰی حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف پیشگی کاروائیاں تیز کی جائیں گی اور عوام کے جان ومال اور سرکاری املاک کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا جبکہ کراچی میں دہشتگردوں کی تلاش کیلئے بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے انٹیلی جنس کے نظام کو مزید فعال کرنے اور دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے سرحدوں پر کڑی نگرانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معصوم لوگوں کی جان و مال اور سرکاری اثاثوں کا تحفظ یقینی بنائیگی، دہشتگردوں کو کھلی چھٹی نہیں دی جاسکتی۔وزیر دفاع خواجہ آصف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل ظہیرالاسلام اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

متعلقہ عنوان :