مسلم لیگ (ن) کے مغوی رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن مردان سے بازیاب

منگل 10 جون 2014 21:39

مسلم لیگ (ن) کے مغوی رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن مردان سے بازیاب

مردان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جون۔2014ء) مسلم لیگ (ن) کے پنجاب اسمبلی کے رکن رانا جمیل حسن کو اغوا کے ایک ہفتے بعد بازیاب کرا لیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق حلقہ پی پی 174 سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی رانا جمیل حسن کو 2 جون کی شام ان کی اہلیہ کے ہمراہ اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب ان کی گاڑی ننکانہ صاحب سے پنڈی بھٹیاں انٹرچینج کے قریب پہنچی تاہم اغوا کاروں نے ان کی اہلیہ کو تھوڑے فاصلے پر جا کر چھوڑ دیا تھا۔

(جاری ہے)

اغوا کاروں کی جانب سے رانا جمیل حسن کی رہائی کے بدلے 5 کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں تاہم سکیورٹی اداروں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے رانا جمیل کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔دوسری جانب رانا جمیل حسن کے بھائی وکیل حسن کا کہنا ہے کہ رانا جمیل کو مردان سے بازیاب کرایا گیا جہاں سے وہ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔