”کراچی ائیر پورٹ پر دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ“ شہباز شریف کاپنجاب کے شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کو 10لاکھ روپے مالی معاونت اور آشیانہ میں گھردینے کا اعلان، شہدا کے بچوں اور بچیوں کے تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب خود برداشت کرے گی ، لواحقین کوعلاج معالجہ کی فری سہولت دستیاب ہوگی،کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گروں کا حملہ انتہائی اندوہناک واقعہ ہے،بربریت کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،سکیورٹی اہلکاروں نے دلیری سے دہشتگردوں کامقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی:وزیراعلیٰ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 10 جون 2014 21:39

”کراچی ائیر پورٹ پر دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ“ شہباز شریف کاپنجاب ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جون۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے کراچی اےئرپورٹ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ ماڈل ٹاوٴن میں پنجاب حکومت اور چین کی معروف کمپنی سائینو ہائیڈرو کے درمیان سلیمانکی بیراج اور پاکپتن کینال کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لیے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کو 10لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی۔

پنجا ب حکومت شہدا کے لواحقین کو آشیانہ ہاوٴسنگ سکیم میں بلا معاوضہ گھر بھی دے گی جبکہ شہدا کے بچوں اور بچیوں کے تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب خود برداشت کرے گی اورشہداکے لواحقین کوعلاج معالجہ کی فری سہولت دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گروں کا حملہ انتہائی اندوہناک واقعہ ہے۔بربریت کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے بہادری اوردلیری سے دہشت گردوں کامقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ملک و قوم کے لئے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے بطریق احسن اپنی قومی ذمہ داریاں نبھائیں۔

شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پوری قوم کو شہدا کی لازوال قربانیوں پر ناز ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شہدا کے لواحقین کے لئے مالی معاونت شہید کے خون کا نعم البدل نہیں لیکن شہدا جو اپنی جانوں کا نذانہ قوم کے لئے پیش کرتے ہیں ان کے لواحقین اوربچوں کی نگہداشت اور دیکھ بھال حکومت وقت کی ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی ۔

میں سمجھتا ہوں کہ کراچی ائیر پورٹ پرجام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں نے شہادت کا اعلی اوربلند رتبہ پایا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کراچی میں اے ایس ایف کیمپ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اورسکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری اور دلیری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم آج پھر ناکام بنائے ہیں۔ جس پر میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔