اسلام آباد ہائی کورٹ نے اینکر پرسن کے خلاف مقدمہ اندراج کی در خوا ست پر ایس ایچ او مارگلہ سے رپورٹ طلب کر لی

منگل 10 جون 2014 15:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جون 2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی ٹی وی چینل کے اینکر پرسن کے خلاف مقدمہ اندراج کی در خوا ست پر ایس ایچ او پولیس سٹیشن مارگلہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن نے مارننگ شو میں توہین آمیز پروگرام نشر کیا تھا ۔منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس محمد انور کاسی نے نصیر احمد کیانی ایڈووکیٹ اور راؤ عبد الرحیم ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر درخواست کیس کی سماعت کی ۔

درخواست گزاروں کے وکیل زاہد آصف چوہدری عدالت عالیہ میں پیش ہوئے ۔درخواست گزاروں نے جسٹس آف پیس ایڈیشنل سیشن جج اور ایس ایچ او پولیس مارگلہ اسلام آباد کو فرق بنایا تھا ۔درخواست گزاروں نے عدالت میں ایک نجی ٹی وی چینل کی اینکر گڈ مارننگ پاکستان ود ندا یاسر وغیرہ کے خلاف عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپنے پروگرام میں اہل بیت ،اہل اسلام کی توہین کی ہے اور پروگرام میں اینکر پرسن ،شرکاء اور گلو کار کی طرف سے اہل بیت اورانبیاء کرام کی دا نستہ تو ہین کی گئی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پروگرام کی اینکر پرسن و شرکاء کے خلاف 295c،298aاور 295a کے ساتھ مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے ۔سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ درخواست گزاروں نے نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن کے خلاف ایڈیشن سیشن جج ظہیر اعوان کی عدالت میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی جو کہ خارج کر دی گئی ۔درخواست میں ایڈیشن سیشن جج کے فیصلے کو بھی چیلنج کیا گیا ہے لہذا عدالت عالیہ نجی ٹی وی چینل اینکر وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے احکامات جاری کرے۔ عدالت عالیہ نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ایس ایچ اوپولیس سٹیشن مارگلہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔۔

متعلقہ عنوان :