ملک کے مختلف شہروں میں سورج آج بھی آگ برساتا رہا، جیکب آباد کا پارہ 50 تک جا پہنچا

ہفتہ 7 جون 2014 19:53

ملک کے مختلف شہروں میں سورج آج بھی آگ برساتا رہا، جیکب آباد کا پارہ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جون۔2014ء)ملک کے مختلف حصوں میں سورج آج بھی آگ برساتا رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کی بھی نوید سنادی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے جن میں سب سے گرمی سندھ میں پڑی جہاں جیکب آباد میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جبکہ صوبے کے دیگر شہروں سکھر،دادو اور لاڑکانہ میں بھی گرمی نے عوام کا برا حال کردیا جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

سندھ کے دوسرے شہروں کی نسبت کراچی میں آج گرمی کی شدت کم رہی اور گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت 2 درجے کم ہوکر 36 ڈگری پر رہا۔اسلام آباد میں بھی موسم گرم رہا اور شہری گرمی سے پریشان رہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔صوبہ بلوچستان کو بھی گرمی نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جہاں سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی اور درجہ حرارت 49 ڈگری تک جا پہنچا جبکہ کوئٹہ میں گرمی کی شدت میں کچھ کمی رہی اور درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسم گرم رہا اور لاہورکا درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے گرمی سے بچنے کے لیے نہروں کا رخ کیا۔