لندن میں ایم کیوایم کے وفد کو اسپتال میں الطاف حسین سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی

جمعرات 5 جون 2014 21:44

لندن میں ایم کیوایم کے وفد کو اسپتال میں الطاف حسین سے ملنے کی اجازت ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جون۔2014ء) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی عیادت کے لیے اسپتال جانے والے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کو حکام نے ملنے کی اجازت نہ دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق بابرغوری،خواجہ سہیل،سلیم زیدی،قاسم علی رضا،سلیم دانش اور ارشد وہرہ پر مشتمل متحدہ قومی موومنٹ کاوفد قائد ایم کیوایم الطاف حسین کی عیادت کے لیے ویلنگٹن اسپتال پہنچا جہاں حکام کی جانب سے وفد کوملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

ایم کیو ایم کے رہنما قاسم علی رضا کے مطابق وفد الطاف حسین کے لیے پھول اور کارڈ لے کر اسپتال پہنچا تھا لیکن حکام کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر الطاف حسین سے ملاقات نہیں ہوسکی۔ قاسم علی رضا کا کہنا تھا کہ الطاف حسین سے ملاقات کی اجازت کے لیے حکام کو باقاعدہ درخواست دے دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر غوری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف سازش ہورہی ہے اور موجودہ حالات اسی کا تسلسل ہیں تاہم الطاف حسین ایک مرتبہ پھر سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں الطاف حسین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور منی لانڈرنگ مقدمے سے متعلق وکلا سے مشاورت جاری ہے جبکہ فروغ نسیم قانونی معاونت کے لئے لندن پہنچ رہے ہیں۔بابرغوری کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پارٹی رہنما حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں سمیت سفارت کاروں سے رابطے میں ہیں اور موجودہ مشکل حالات میں پوری قوم الطاف حسین کے ساتھ ہے۔