صدر اوبامہ کا پولینڈ کے جم میں ویٹ لفٹنگ کا مظاہرہ،امریکی صدر بغیر سیکیورٹی کے آدھ گھنٹہ ورزش کرتے رہے

جمعرات 5 جون 2014 20:55

صدر اوبامہ کا پولینڈ کے جم میں ویٹ لفٹنگ کا مظاہرہ،امریکی صدر بغیر ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جون۔2014ء)سربراہان مملکت کی گونا گوں مصروفیات کا تصور کرتے ہی خیال آتا ہے کہ انہیں غیر ضروری مشاغل سے کم ہی فرصت میسر آتی ہو گی کہ وہ غیر اہم امور پر توجہ دے سکیں۔گوکہ ورزش جسمانی صحت کے لیے ناگزیر ہے مگر اس کے لیے بہت کم لوگ وقت نکال پاتے ہیں۔ باراک اوباما دنیا کے طاقتور ترین صدر ہونے کے ساتھ ساتھ مصروف ترین شخصیت بھی ہیں اس لیے ان کی مصروفیات تو ما سوا ہیں۔

اس کے باوجود انہوں نے اپنے دورہ یورپ کے دوران ہوٹل کے جم میں تیس منٹ ویٹ لفٹنگ کر کے یہ ثابت کیا کہ باون سال کی عمر میں یہی ان کی 'صحت' کا راز ہے۔صدر باراک اوباما دنوں یورپ کے دورے پر ہیں۔ گذشتہ روز جب وہ پولینڈ پہنچے تو انہوں نے دارالحکومت وارسا کے میریٹ ہوٹل میں قیام کیا۔

(جاری ہے)

اپنے مختصر قیام کے دوران صدر اوباما حفاظتی عملے کو چکمہ دیتے ہوئے ہوٹل کے زیر انتظام "جمنیزیم" نامی ایک جِم میں چلے گئے اور آدھ گھنٹہ ویٹ لفٹنگ کے کرتب دکھاتے رہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق صدر امریکا کی یہ حرکت ان کے پروٹوکول کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے کیونکہ وہ ایک ایسی جگہ چلے گئے تھے جہاں ان کی کوئی سیکیورٹی نہیں تھی اور ان کے ساتھ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا تھا۔ویٹ لفٹنگ اور ورزش کے دوران جم پر موجود "جین ایکوا" نامی ایک شخص نے صدر باراک اوما کی ویٹ لفٹنگ کی تین تصاویر لیں اور اْنہیں فوری طور پر شوسل میڈیا پر پھیلا دیا۔

جین نے نوے سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی بنائی جس سے مزید تصاویر بھی سوشل میڈیا تک پہنچی ہیں۔جین کا کہنا ہے کہ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک باراک اوباما کانوں میں "ہیڈ فون" لگائے جم میں داخل ہوئے۔ شاید وہ اس دوران موسیقی سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔پولش اخبار "فیکٹ" نے بھی آج کی اشاعت میں صدراوباما کی جم میں ویٹ لفٹنگ کی تصاویر کے ساتھ ایک رپورٹ شائع کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اوباما نے جم میں داخل ہوتے استقبالیہ پر موجود جم کے حوالے سے "گائیڈ بک" کا مطالعہ کیا۔ جس کے بعد وہ آگے کی طرف بڑھے اور دو کلو گرام کے دو الگ الگ فولادی "ویٹ" اپنے ہاتھوں میں اٹھا لیے۔ پہلے وہ بیٹھ کر ویٹ لفٹنگ کرتے رہے لیکن پھر کھڑے ہو گئے اور "ویٹ" کو اپنے سر سے اونچا لے جاتے۔چند منٹ بعد انہوں نے دو دو کلو گرام کے "ویٹ" چھوڑ دیے اور چار چار کلو گرام کے دو ویٹ اٹھا لیے اور ان سے ورزش شروع کر دی۔

وہ انہیں بھی افقی سمت میں اپنے سر سے اوپر تک لے جاتے رہے۔ آدھ گھنٹے پر محیط ایکسرسائز میں صدر اوباما نے نہایت اطمینان کے ساتھ ویٹ لفٹنگ کی جس کے بعد وہ دوبارہ اپنے کمرے میں چلے گئے۔خیال رہے کہ صدر باراک اوباما گذشتہ روز اپنے خصوصی دورہ یورپ کے پہلے مرحلے میں پولینڈ پہنچے تھے۔ پولش قیادت سے ملاقات کے بعد وہ فرانس اور بیلجیئم کا بھی دورہ کریں گے۔ ان کے اس دورے کا مقصد یوکرین میں قیام امن اور بحران کے خاتمے کے لیے یورپی ممالک کے ساتھ مل کرلائحہ عمل مرتکب کرنا ہے۔ اس دوران ان کی ملاقات یوکرین کے نو منتخب صدر پیٹرو پورشنکو سے بھی ہو گی۔