مودی عالمی رہنماؤں سے بھی ہندی بولنے لگے

جمعرات 5 جون 2014 17:28

مودی عالمی رہنماؤں سے بھی ہندی بولنے لگے

ہندوستان کے نومنتخب وزیراعظم نریندر مودی نے دیگر ممالک کے رہنماؤں اور سفارت کاروں سے ہونے والی ملاقاتوں میں انگریزی کے بجائے ہندی میں میں بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستان کے انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس کے مطابق ملک کے 15ویں وزیراعظم نریندر مودی نے سرکاری ملاقاتوں میں انگریزی پر ہندی کو فوقیت دے رہے ہیں اور دیگر ممالک کے سفیروں اور اعلیٰ افسران سے بھی ہندی میں بات چیت کرتے ہیں۔



رپورٹ کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نے اپنی قومی زبان یعنی ہندی میں بات کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔اخبار کے مطابق سری لنکا کے صدر مہندا راجاپکسا نے چند روز قبل ہونے والی ایک ملاقا ت میں نریندر مودی سے انگریزی میں بات کی اور اس دوران ہندوستانی وزیرا عظم کو ان کی بات سمجھنے کیلئے مترجم کی بالکل بھی ضرورت نہیں پڑی تاہم ان کی بات کا ہر جواب انگریزی کے بجائے ہندی میں تھا جس کے لئے مترجم کو اپنے فرائض ادا کرنے پڑے۔

(جاری ہے)



یہی صورتحال عمان کے سلطان کی جانب سے خصوصی طور پر بھیجے گئے ایلچی سے ملاقات میں بھی پیش آئی،جب وہ انگریزی میں بات کرتے رہے اور مودی نے جواب ہندی میں دیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اورافغان صدر حامد کرزئی سے ہونے والی ملاقات کے وقت بھی دونوں جانب سے تمام گفتگو اردو یا ہندی میں ہوئی۔

خیال رہے کہ افغان صدر حامد کرزئی بھی بخوبی ہندی الفاظ کے ساتھ اردو بول سکتے ہیں کیونکہ وہ انڈیا میں زیر تعلیم بھی رہے ہیں۔

مبصرین کے مطابق مودی نے اکثر معاملات میں بی جے پی سے تعلق رکھنے والے سابق ہندوستانی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے نقش قدم کو اپنایا ہے۔

واجپائی ہندی سمجھنے والے غیرملکی مہمانوں اور رہنماؤں سے ہندی میں ہی بات چیت کرتے تھے ۔ تاہم ایسے رہنما جو انگریزی میں بات کرتے تھے وہ ان سے وہ انگریزی میں ہی تبادلہ خیال کرتے تھے۔

واضح رہے کہ ہندی ہندوستان کی سرکاری اورقومی زبان ہے تاہم بھارتی آئین میں انگریزی کو بھی سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔ایک ارب سے زائد کی آبادی اور 29ریاستوں پرمشتمل ہندوستان میں 325زبانیں بولی جاتی ہیں جب کہ انڈیا کے دور دراز علاقوں اور خصوصاً جنوبی ہندوستان میں عوام کی اکثریت ہندی بھی سمجھنے اور بولنے سے قاصرہے۔