ایم کیو ایم کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں معمولات زندگی بحال

جمعرات 5 جون 2014 12:03

ایم کیو ایم کی اپیل پر کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں معمولات زندگی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5جون 2014ء) ایم کیو ایم کی جانب سے کاروبار زندگی بحال کرنے کی اپیل پر کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں معمولات زندگی 2 روز بعد بحال ہو گئی ہے۔ لندن میں منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد رابطہ کمیٹی نے شہریوں سے کاروبار زندگی بند رکھنے کی اپیل کی تھی لیکن گزشتہ روز تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے دھرنے میں شرکت کے بعد ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کا آزمائش کی اس گھڑی میں ایم کیو ایم کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور انھیں کاروبار زندگی بحال کرنے کی اپیل بھی کی جس کے بعد آج شہر میں معمولات زندگی دوبارہ بحال ہو گئی ہے، پٹرول پمپس اور کاروباری مراکز کھل گئے ہیں جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی بحال ہو گئی ہے لیکن تمام اسکول، کالجز اور جامعات میں تدریسی عمل معطل جب کہ آج ہونے والے تمام پرچے بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی اپیل پر حیدرآباد، سکھر اور دیگر شہروں میں بھی معمولات زندگی بحال ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کی جانب سے الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کے الزام میں ان کی رہائش گھر سے گرفتاری کی خبر کے ساتھ ہی کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کاروباری سرگرمیاں بند جب کہ ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہ گئی تھی اور گزشتہ 2 روز سے بھی ایم کیو ایم کی اپیل پر شہر کے تمام کاروباری مراکز اور پٹرول پمپس بند جب کہ ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب تھی۔