راولپنڈی میں حساس ادارے کی گاڑی پر خود کش حملہ، 2 افسروں سمیت 5 اہلکار شہید

بدھ 4 جون 2014 11:37

راولپنڈی میں حساس ادارے کی گاڑی پر خود کش حملہ، 2 افسروں سمیت 5 اہلکار ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جون 2014ء) فتح جھنگ روڈ پر حساس ادارے کی گاڑی پر خود کش حملے میں 2 فوجی افسروں سمیت 5 اہلکار شہید ہو گئے۔ پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق راوالپنڈی میں فتح جھنگ روڈ پر موٹر سائیکل رکشہ پر سوار خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی حساس ادارے کی ڈبل کیبن گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں ادارے کے 2 فوجی افسران اور 3 سویلین شہید ہو گئے جب کہ خود کش حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

خود کش حملے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل ظاہر شاہ اور لیفٹیننٹ کرنل ارشد کے ناموں سے ہوئی ہے۔خود کش دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کر کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جب کہ قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے فتح جنگ میں حساس ادارے کی گاڑی پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے وزیر داخلہ چوہدری نثار سے واقعہ کی تفصیلات طلب کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :