احتجاج کرنے والوں کا مقصد اور ایجنڈا سمجھ نہیں آرہا، وزیراعظم نواز شریف

ہفتہ 31 مئی 2014 13:37

احتجاج کرنے والوں کا مقصد اور ایجنڈا سمجھ نہیں آرہا، وزیراعظم نواز ..

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31مئی 2014ء) وزیرِ اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والوں کا مقصد اور ایجنڈا سمجھ میں نہیں آرہا،کوئی کینیڈا سے اعلان کر رہا ہے، لندن میں اجلاس ہو رہے ہیں۔ 65 سال یہی کچھ ہوتا رہا،خدا کے واسطے پاکستان کو چلنے دو۔گوجرانوالہ میں وزیراعظم نوازشریف نے نندی پورپاورپراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

وزیراعظم کاکہناتھاکہ نندی پورکا منصوبہ ہماری توقعات سے پہلے مکمل ہورہا ہے۔مشینری تین سال تک کراچی بندرگاہ پر سڑتی رہی۔انھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اوران کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور کہاکہ موجودہ حکومت نے چند ماہ میں منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔پورٹ قاسم اور ساہی وال میں اس حکومت نے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھاہے۔

(جاری ہے)

نیلم جہلم پاورپلانٹ کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گا۔

منصوبوں پرکام کی رفتار پاکستان کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔ وزیراعظم کا کہناتھاکہ نندی پور منصوبے میں مجرمانہ غیرذمہ داری کا ثبوت دیا گیا۔اس منصوبے میں تاخیر سے ملک کو اربوں کھربوں روپے کا نقصان پہنچا، اس کا کہیں کوئی شمارنہیں۔نیلم جہلم منصوبہ کرپشن اورلاپرواہی کی ایک اورمثال ہے۔نیلم جہلم پر لاگت کا تخمینہ 84 ارب روپے تھا۔اب نیلم جہلم منصوبہ 275 ارب روپے میں مکمل ہونے جارہا ہے۔عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کررہے ہیں جو انہوں نے الیکشن میں مسلم لیگ ن پرکیا۔ شورمچانے والوں کوپتہ لگنا چاہیے کہ جہاں سے انہیں ووٹ ملا ہے وہاں بھی یہ حکومت ترقیاتی منصوبے پورے کررہی ہے۔