قائمہ کمیٹی اجلاس میں جاوید ہاشمی کاسیکرٹری کمیٹی کے ناروا رویہ پر احتجاج ریکارڈ کے بعد انہیں معاف کرنے کا اعلان، ارکان نے تالیاں بجا کر داد دی

جمعرات 29 مئی 2014 21:33

قائمہ کمیٹی اجلاس میں جاوید ہاشمی کاسیکرٹری کمیٹی کے ناروا رویہ پر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مئی۔2014ء) بندرگاہوں اور جہاز رانی کے بارے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنے ساتھ سیکرٹری کمیٹی کے ناروا رویہ پر احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد انہیں معاف کرنے کا اعلان کر دیاجس پر ارکان نے تالیاں بجا کر داد دی۔جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کے دوران رکن کمیٹی مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ گزشتہ اجلاس کے دوران ان کے ساتھ اور ان کے پورے عملے کے ساتھ نہایت بدتمیزی کی گئی۔

انہوں نے سیکرٹری کمیٹی کو ڈانٹا اور کہا کہ وہ سفارش کروا کر موجودہ پوزیشن پر براجمان ہو جاتے ہیں اور اگلے بندے کو انسان نہیں سمجھتے۔انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے گزشتہ بار بھی ٹی اے ڈی اے کے فارمز پر دستخط نہیں کئے اور اب بھی نہیں کریں گے کیونکہ وہ ٹی اے ڈی اے کے لئے اجلاس میں نہیں آتے،اس پر چےئرمین کمیٹی نے مخدوم جاوید ہاشمی سے معذرت کی جبکہ سیکرٹری کمیٹی نے بھی اپنی وضاحت کرنے کی کوشش کی، اس پر اراکین کمیٹی نے مخدوم جاوید ہاشمی کی حمایت کرتے ہوئے تحقیقات کرانے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

مخدوم جاوید ہاشمی نے سیکرٹری کو درگزر کرنے کا اعلان کیا ،جس پر اراکین نے تالیاں بجا کر مسرت کا اظہار کیا۔تھوڑی ہی دیر بعد مخدوم جاوید ہاشمی اجلاس سے روانہ ہوگئے جس پر چےئرمین اور سیکرٹری نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ان کو رخصت کیا۔

متعلقہ عنوان :