مودی کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، بنگلہ دیشی وزیر اعظم،خطے کے تمام ممالک کا مشترکہ دشمن غربت ، سب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں،پریس کانفرنس

بدھ 28 مئی 2014 21:25

مودی کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، بنگلہ دیشی وزیر اعظم،خطے کے تمام ..

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی۔2014ء)بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد نے کہا ہے کہ وہ اپنے نئے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، نریندر مودی کے جو بھی خیالات ہوں لیکن وہ بھارت کے وزیر اعظم کے طور پر اپنی ذمہ داریاں اچھے طریقے سے نبھائیں گے،بدھ کو اپنے چار روزہ دورہ جاپان کے دوران ٹوکیو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بنگلہ دیشی خاتون وزیر اعظم نے کہاکہ نریندر مودی کے اپنے خیالات ہیں اب وہ بھارت کے وزیر اعظم منتخب ہو چکے ہیں اور میں امید کرتی ہوں کہ ان کا عمل بھارتی وزارت عظمیٰ کے منصب کے مطابق ہو گا، انہوں نے کہاکہ ہم اپنے مضبوط ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ اچھے باہمی تعلقات برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں،حسینہ واجد کا کہنا تھا کہ مسلم اکثریتی ملک بنگلہ دیش کے بھارت کے ساتھ ہمیشہ ہی اچھے تعلقات رہے ہیں اور باہمی اختلافات کو مذاکرات کے ساتھ دور کیا جاتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو میرا یقین ہے کہ باہمی مذاکرات کی مدد سے اس کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے، انہوں نے اصرار کیا کہ علاقائی سطح پر تمام ممالک کا سب سے بڑا مشترکہ دشمن غربت ہے، جسے اقتصادی ترقی کے منصوبہ جات کے تحت شکست دی جا سکتی ، بنگلہ دیشی وزیراعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی حکومت کی خارجہ پالیسی بہت سیدھی اور شفاف ہے یعنی سب کے ساتھ دوستی اور اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔