وزیراعلیٰ پنجاب نے ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، ٹیکسٹائل پارک کا قیام ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا نقطہ آغاز ہے،200ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی‘ محمد شہبازشریف،فیصل آباد کی بنجر زمین پر بڑے ٹیکسٹائل پارک کے قیام سے ٹیکسٹائل سیکٹر فروغ پائے گا ،پاکستان اقتصادی طورپرمضبوط ہوگا،چین کے معروف گروپ شینگ ڈونگ رویائی کے اشتراک سے ٹیکسٹائل پارک کے قیام سے پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی اورفنی مہارتیں منتقل ہو نگی،پاکستان اور چین دوستی کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں،اس لازوال دوستی کو معاشی انقلاب میں بدل دیں گے،توانائی کے بحران کے لئے شب و روز کوشاں ہیں، جلد اندھیرے دور ہونگے‘ وزیراعلیٰ کا ٹیکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

بدھ 28 مئی 2014 20:05

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں رویائی مسعود ..

فیصل آباد /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایم تھری انڈسٹریل ا سٹیٹ فیصل آباد میں چین کے صنعتکاروں کے اشتراک سے دو سو ارب روپے کی سرمایہ کاری سے ٹیکسٹائل پارک کا قیام ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا نقطہ آغاز ہے،فیصل آباد کی بنجر زمین پر بڑے ٹیکسٹائل پارک کے قیام سے نہ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر فروغ پائے گا بلکہ پاکستان بھی اقتصادی طورپرمضبوط ہوگا، ٹیکسٹائل پار ک کی بدولت پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی اورفنی مہارت منتقل ہوں گی، حکومت توانائی بحران کے خاتمے کے لئے شب روز کوشاں ہے ، ہماری کوششوں کے نتیجے میں اور اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ملک سے بجلی کے اندھیر ے ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائیں گے اور ملک کی صنعت و تجارت کے لئے وافر بجلی دستیاب ہوگی، ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں،روشن مستقبل پاکستان کامنتظرہے اور ترقیاتی میدان میں بلندیوں کو چھونے کے راستے صاف ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بدھ کے روز ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آبادمیں چین کے پانچویں بڑے ٹیکسٹائل گروپ کے اشتراک سے رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک میں 270میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ بھی لگائے جارہے ہیں-صوبائی وزیرقانون وبلدیات رانا ثناء اللہ خاں، صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق،چیف ایگزیکٹو آفیسر مسعود ٹیکسٹائل ملز چوہدری شاہدنذیر،چےئرمین فیڈمک خواجہ عاصم خورشید،چےئرمین شینگ ڈونگ رویائی ٹیکسٹائل گروپ یافوکیو(Mr.Yafu Qiu) چین ومقامی صنعتکار،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین دوستی کے مضبوط رشتوں کی بدولت صنعتی ومعاشی ترقی کے لئے یہ انتہائی شاندارلمحات ہیں کہ فیصل آباد کے اس بنجرعلاقے میں بہت بڑے ٹیکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے جووزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی ذاتی دلچسپی کی بدولت ممکن ہوا ہے ، یہ ٹیکسٹائل پارک آئندہ چند برس میں تناوردرخت بن جائے گا۔

یہاں زمینوں پر صنعت وحرفت کے سایہ دار شجراگائیں گے جن کے گھنے سائے تلے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا،ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا، ہزاروں محنت کشوں کے گھروں میں خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دن خوشحالی اورمحنت کے ہیں،ترقی ہر طرف پھیلے گی اورپاکستان صحیح معنوں میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند،سمندر سے گہری،شہید سے میٹھی اورلوہے سے زیادہ مضبوط ہے اور دوستی کے اس لازوال رشتے کو معاشی انقلاب میں بدل دیں گے۔

فیصل آباد میں ٹیکسٹائل پارک کے قیام کی بدولت پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی حاصل ہو گی کیونکہ رویائی ٹیکسٹائل گروپ عالمی سطح پر گارمنٹس،مارکیٹنگ،ٹیکنالوجی اور ایکسپورٹ میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اس ٹیکسٹائل پارک میں 270میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ بھی لگائے جارہے ہیں جو صنعتی میدان میں انقلاب کا پیش خیمہ اوردیگر پاکستانی صنعتکاروں کے لئے ترغیب کا باعث ہے۔

انہوں نے کہاکہ نندی پورپاورپلانٹ آئندہ چند روز میں کام شروع کردے گا لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ سابق حکمرانوں نے اس اہم منصوبے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، یہ پاور پلانٹ 3سال تک کراچی اےئرپورٹ پر زنگ آلود پڑا رہا کسی کو احساس نہیں تھا صرف کمیشن کی فکر تھی۔قائداوراقبال کے پاکستان کے ساتھ ایسی زیادتی ہوتی رہی لیکن اب وہ وقت چلا گیا۔

ترقی کا سورج طلوع ہو چکا ہے اور ہم نے خلوص نیت سے محنت کرکے صرف سات ماہ میں نندی پور پاور پراجیکٹ مکمل کرلیا ہے۔پاکستان کی ترقی کاسفر تیزی سے جاری ہے قائداوراقبال کے فرمودات اور خوابوں کو حقیقت کا روپ دیں گے۔چیف ایگزیکٹو مسعود ٹیکسٹائل چوہدری شاہد نذیر نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں چین کے نمایاں ٹیکسٹائل گروپ کا اشتراک ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے جس سے پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی منتقل ہوگی۔

انہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کاوشوں اور مثالی اقدامات سے صنعتی ترقی کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چین اورپاکستان کے صنعتی اشتراک سے ویونگ،سپنگ،پرنٹنگ اورگارمنٹس کی تیاری کے اس بڑے منصوبے کی بدولت دوسوارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی اور 35ہزار روزگار کے نئے مواقع حاصل ہونگے۔

چےئرمین فیڈمک خواجہ عاصم خورشید نے کہا کہ موجود حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے صنعتی وکاروباری ترقی کی راہیں کھلی ہیں اورچین کے بڑے ٹیکسٹائل گروپ کی طرف سے وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری پاکستان کی موجودہ لیڈر شپ پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے جس سے پاکستان کے ایشئین ٹائیگر بننے کاویژن پائیہ تکمیل پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ فیڈمک کی طرف سے ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ میں جدت سے ہم آہنگ عالمی معیار کا انفراسٹرکچر فراہم کیا جارہا ہے جس میں وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل پارک کا قیام وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے- چےئرمین شینگ ڈونگ رویائی گروپ یافوکیو نے کہا کہ انکا گروپ دنیا کے 11ممالک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے ۔انہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی انقلابی قیادت اورترقیاتی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اورتعاون سے اس سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہوئی ہیں۔پاکستان میں چین کے سفارتخانے کے چارج ڈی آفےئر مسٹر یانگ وانگ نے کہا کہ اس ٹیکسٹائل پارک سے پاکستان کے صنعتی میدان میں سرمایہ کاری کے مزید دروازے کھلیں گے کیونکہ پاکستان کا ٹن کی پیداوار میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔