دفاعی خود کفالت کے بعد ہمیں معاشی میدان میں بھی خود کفیل ہونا ہوگا، نواز شریف

بدھ 28 مئی 2014 14:59

دفاعی خود کفالت کے بعد ہمیں معاشی میدان میں بھی خود کفیل ہونا ہوگا، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28مئی 2014ء) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ایٹمی میدان میں خود کفالت حاصل کر چکے ہیں اب ہمیں معاشی میدان میں بھی خود کفیل ہونا ہو گا۔ لاہور میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے لئے بہت زیادہ دباؤ تھا لیکن اس وقت وہ فیصلہ کیا جو ملک اور قوم کے مفاد میں تھا، پوری قوم یوم تکبیر پر مبارک باد کی مستحق ہے، دفاعی میدان میں خود کفیل ہو چکے ہیں اب ہمیں معاشی میدان میں خود کفالت حاصل کرنی ہو گی، ہماری ساری توجہ اقتصادی خودکفالت کی طرف ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ملک میں جہالت، اندھیرے اور بے روز گاری نہیں ہوتی، ہم ملک سے اندھیرے اور بے روز گاری کا مکمل خاتمہ کریں گے اور اس حوالے سے چین کے تعاون سے اربوں روپے کے متعدد منصوبوں پر ملک بھر میں کام چل رہا ہے، آج ملک میں بے امنی، غربت، جہالت اور لوڈشیڈنگ کو ختم ہونا چاہیے تھا لیکن افسوس کہ ایسا نہ ہوا، ہم ملک کو لوڈشیڈنگ کی لعنت سے چھٹکارا دلائیں گے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ ٹرین مارچ اور لانگ مارچ کرنے والے 80 اور 90 کی دہائی کی سیاست کر رہے ہیں اور ملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنا ہتے ہیں لیکن ہم اس قسم کی سیاست بہت پیچھے چھوڑ کر آ چکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ 4 سال بعد قوم اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ کس کو منتخب کرنا ہے، جب الیکشن کا وقت آئے تو جی بھر کے سیاست کی جائے لیکن ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔

وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے بغیرکوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں، خطے کے تمام ممالک کےساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا دورہ مثبت رہا اور دونوں جانب سے حالات کو بہتر بنانے کے لئے تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :