آسٹریلوی پارلیمنٹ کی سیکورٹی کا بھانڈاپھوٹ گیا،سینٹربم لے کراندرپہنچ گیا،لبرل پارٹی کے سینیٹر ہیفرنین جعلی بم شاپر میں لیے کمیٹی اجلاس میں پہنچ گئے، ملکی پارلیمانی سکیورٹی کو ایک مذاق قرار دیا

پیر 26 مئی 2014 22:11

آسٹریلوی پارلیمنٹ کی سیکورٹی کا بھانڈاپھوٹ گیا،سینٹربم لے کراندرپہنچ ..

کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی۔2014ء) آسٹریلیا کی لیبرل پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر حکومتی سکیورٹی میں لاپرواہی کو واضح کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں جعلی بم لے گئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کو آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں 71 سالہ آسٹریلوی سینیٹر بل ہیفرنین لوہے کے پائپ اور ٹیپ سے بنے ہوئے جعلی بم کو شاپر میں لیے ایک کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کے لیے پہنچ گئے اور خطاب کے دوران ملکی پارلیمانی سکیورٹی کو ایک مذاق قرار دیا۔

اس موقع پر سینیٹر ہیفرنین کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کلیئرنس والے افراد کی بھی تلاشی لینی چاہیے اور قانون سب کے لیے یکساں ہونے چاہیے۔انھوں نے کہا کہ جب ہم بچے تھے تو ایسی چیزوں کے بارے میں جانتے تھے جن کے ذریعے درختوں کو گرایا جا سکتا تھا اور اب بھی ایسی چیزیں ہیں جن کی مدد سے عمارت جیسے اونچے درختوں کو بھی گرایا جا سکتا ہے اور ان چیزوں کو یہاں اندر بھی لایا جا سکتا ہے کیوں کہ کوئی سیکورٹی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیوی پولیس کے سربراہ ٹونی نیگس نے اس بات کا اعتراف کیا کہ موجودہ سکیورٹی قوانین میں خطرہ موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر ہیفرنین نے انھیں جعلی بم لے جانے سے قبل اس بات کی اطلاع دی تھی اور بتایا تھا کہ ان کی یہ حرکت سکیورٹی قوانین میں موجود کمزوریوں کو واضح کرنے کے لیے ہے۔ ٹونی نیگس نے کہا کہ انھوں نے جعلی بم کا پارلیمنٹ جانے سے قبل معائنہ کیا تھا اور یہ نقصان دہ نہیں تھی،یاد رہے کے اس ماہ آسٹریلیا میں سکیورٹی اخراجات کو کم کرنے کے لیے پارلیمانی سکیورٹی کے قوانین میں تبدیلی ہوئی تھی۔

اس تبدیلی سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے والے ہر فرد کی تلاشی لی جاتی تھی۔ لیکن نئے قوانین کے لاگو ہونے کے بعد پارلیمنٹ ہاوس میں داخل ہونے کا اجازت نامہ رکھنے والوں کے لیے تلاشی کی شرط ہٹا دی گئی۔

متعلقہ عنوان :